ملک بھر میں بڑے پیمانے پر آپریشن رد الفساد جاری ہے۔ مختلف شہروں میں سیکیورٹی اداروں نے مزید درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے طول و عرض سے دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑنے کے لیے آپریشن رد الفساد پوری رفتار سے جاری ہے۔
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سائیٹ اے پولیس نے مقابلے کے بعد 2 دہشت گردوں لیاقت اور شیر عالم کو گرفتار کر کے دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا۔
کراچی ہی میں کورنگی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں 4 ، بلدیہ مدینہ کالونی سے 3 اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ دادو میں ہوٹلوں اور مسافر خانوں میں تلاشی کے دوران 18 مشتبہ افراد قانون کی گرفت میں آگئے۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اقبال ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں سے سرچنگ کے دوران متعدد مشتبہ افراد پکڑے گئے۔
اٹک میں رینجرز اور پولیس نے 16 مختلف آپریشنز میں 13 خطرناک اشتہاریوں اور 10 افغانوں سمیت 250 ملزم گرفتار کر لیے۔ ملزمان سے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ اور لوٹی گئی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔
راولپنڈی، ٹیکسلا، واہ کینٹ اور ائیر پورٹ کے علاقوں میں سرچ آپریشن میں 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیشی مرکز منتقل کر دیا گیا۔ بھکر کی تحصیل کلور کوٹ سے 8 اشتہاریوں سمیت 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
کوٹ مٹھن میں کارروائی کے دوران 18 اشتہاری دھر لیے گئے جن میں اے کیٹیگری کے ملزمان بھی شامل ہیں۔ لیاقت پور سے 6 ملزمان اور چشتیاں میں مطلوب 55 اشتہاری پکڑے گئے۔