لاہور: پنجاب میں سرکاری زمینوں پر قابض قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، مزید کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمینیں قبضہ مافیا سے واگزار کرالی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن کی سربراہی میں محکمہ مال اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران گوجرہ اور رحیم یار خان سے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی۔
گوجرہ کے علاقے چک نمبر 340 اور 419 سے تین کروڑ اٹھارہ لاکھ روپے مالیت کی 200 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی، ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق با اثر قابضین عرصہ دراز سے صوبائی حکومت کی زمین پر قابض تھے۔
دوسری کارروائی میں رحیم یار خان سے 682 کنال اراضی واگزار کرالی گئی، واگزار کرائے گئے زرعی رقبہ کی قیمت دس ملین روپے سے زائد ہے، واگزار شدہ زرعی رقبہ محکمہ مال کے سپرد کردیا گیا ہے۔
اس موقع پر کروڑوں روپے مالیت گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ محکمہ مال کو قابضین سے تاوان کی وصولی کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، سرکاری املاک کی حفاظت متعلقہ محکموں کی اولین ذمہ داری ہے، پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔