اسلام آباد: اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں مختلف امور پر 3 کمیٹیاں قائم کرنے پر اتفاق کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے تین اہم امور پر مختلف کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی سے استعفوں پر ایک کمیٹی قائم ہوگی۔
ذرایع کے مطابق ایک کمیٹی اپوزیشن کے متفقہ لائحہ عمل، جلسے اور احتجاج پر قائم کی جائے گی، جب کہ ایک کمیٹی تمام جماعتوں میں رابطوں کے حوالے سے امور انجام دے گی۔
رہبر کمیٹی کو بطور کوآرڈینیشن کمیٹی قائم رکھنے کی بھی تجویز سامنے آئی ہے، ان کمیٹیوں کے بارے میں حتمی رائے کے بعد تجاویز قیادت کو دی جائیں گی۔
اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس کے ایکشن پلان کے نکات سامنے آ گئے
ذرایع کا کہنا ہے کہ کمیٹیوں کے امور کو دیکھنے کے لیے تین کنوینئر بھی بنانے پر غور کیا گیا ہے، ہر کمیٹی کنوینئر کو تجاویز دے گی، جب کہ کنوینئر قائدین کے سامنے تجاویز رکھے گا، تمام سفارشات پر حتمی فیصلہ پارٹیوں کے قائدین کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے مختلف کمیٹیوں کے قیام کی تصدیق کر دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی نے کو آرڈینیشن کا بہترین کام کیا، اسے برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ تین دن قبل اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس نے وزیر اعظم عمران خان سے استعفے کا مطالبہ کر دیا تھا، اپوزیشن کا کہنا تھا کہ ملک میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانب دارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس نے ملک گیر احتجاج کا بھی اعلان کیا تھا، کل جماعتی کانفرنس میں پاکستان جمہوری تحریک کی تشکیل عمل میں لائی گئی، ایکشن پلان میں مناسب وقت پر اجتماعی استعفوں کا آپشن بھی شامل کیا گیا تھا۔