اتوار, ستمبر 8, 2024
اشتہار

اپوزیشن جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلا رہی ہے: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جلسوں کے ذریعے کرونا پھیلا رہی ہے، کرپشن چھپانے کے لیے جلسوں کا سہارا لیا جا رہا ہے، کرونا سے نمٹنے کے لیے لوگوں کو احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دی جائے۔

تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کرونا سے متعلق کابینہ میں طویل بریفنگ دی گئی، وزیر اعظم نے خود بھی بات کی۔

انھوں نے کہا کرونا کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہو رہی ہے، وبا سے اموات بڑھنا تشویش ناک ہے، جلسوں میں جانے سے لوگوں کی زندگی کو خطرہ ہے، پہلے سے زیادہ احتیاط برتی جائے۔

- Advertisement -

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی یقینی بنائی جائے، اسپتالوں میں پہلے سے بھی بہتر انتظامات کیے جائیں۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر اسد عمر کو بھی دوبارہ روزانہ بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں معاونین خصوصی سے متعلق ہائی کورٹ کے فیصلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، فرانس سے تعلقات منقطع کرنے سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کی پٹیشن بھی زیر بحث آئی، وزیر اعظم نے وزیر خارجہ کو دوبارہ اسلامی ممالک سے رابطوں کا ٹاسک سونپ دیا۔

اجلاس میں او آئی سی میں اسلامو فوبیا پر قرارداد کی منظوری کو پاکستان کی کامیابی قرار دیا گیا، ارکان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اور اسلامو فوبیا پر قرارداد کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہے، وزیر اعظم نے توقع سے زائد امت مسلمہ کی ترجمانی کی، اور دنیا کے ہر فورم پر مقدس ہستیوں کے احترام پر زور دیا۔

وفاقی کابینہ نے انسداد منشیات سے متعلق خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی، جس میں اعظم سواتی، وزیر اعلیٰ کے پی، کور کمانڈر کے پی، ڈاکٹر فیصل سلطان شامل کیے گئے، وزیر اعظم نے انسداد منشیات کے حوالے سے اقدامات پر بھی بات کی، کہا ملک میں 68 لاکھ لوگوں کا منشیات استعمال کرنا قابل تشویش ہے۔ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ یہ کمیٹی ڈریپ کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

زلفی بخاری نے بھی بریفنگ دی، کہا کہ پاکستان کا مستقبل سیاحتی ترقی سے جڑا ہے، پی ٹی ڈی سی میں تربیت یافتہ لوگوں کی ضرورت ہے، تاہم وفاقی کابینہ نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی تقرری کا معاملہ مؤخر کر دیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں