تازہ ترین

خیبر پختونخوا کے اپوزیشن اراکین کا سیلاب زدگان کی امداد سے انکار

خیبرپختونخوا کے اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے پی ڈی ایم جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے سیلاب زدگان کی مدد سے انکار کردیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی حکومت نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں سے کٹوتی کرکے یہ رقم متاثرین کو دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے تمام اراکین نے اس سے انکار کردیا ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کے 51 اراکین اسمبلی نے درخواست جمع کرائی ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ انکی تنخواہوں سے کٹوتی نہ کی جائے، سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ان کی تنخواہ سے رقم نہ کاٹنے کی درخواست جمع کرانے والے اراکین اسمبلی کا تعلق جے یو آئی (ف)، پیپلز پارٹی، ن لیگ، اے این پی اور جماعت اسلامی سے ہے۔

اس حوالے وزیر خزانہ کے پی تیمور سلیم جھگڑا نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب سیلاب زدگان کی بحالی کیلیے ایک ایک پیسے کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی کا امداد سے انکار انتہائی افسوسناک عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کیلیے دنیا بھر میں ہاتھ پھیلا رہی ہیں، وزرا کہہ رہے ہیں کہ سیلاب میں سیاست نہیں کرنی چاہیے تو انہیں اپنے رویے کو دیکھنا چاہیے جب کابینہ اراکین بھی ایک ایک ماہ کی تنخواہ سے رہے ہیں، سرکاری ملازمین بھی اپنے سیلاب متاثرین بھائیوں کی مدد کر رہے ہیں تو انہوں نے کیسا رویہ اپنایا ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ اگر انہیں یہ تکلیف تھی کہ اس کا کسی کو سیاسی فائدہ نہ جائے تو ہمیں کہہ دیتے ہم ساری امداد ان کے ہاتھوں سے ہی متاثرین میں کرا دیتے، ہم نے سیلاب سے تباہ ہونے والے گھروں کے متاثرین کو رقم دینی ہے جس کا تخمینہ 25 سے 30 ارب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین نے مدد سے انکار کردیا تو کوئی مسئلہ میں اپنے رشتے داروں اور دوستوں کے ذریعے بیس سے 25 لاکھ روپے جمع کروا دوں گا۔

Comments

- Advertisement -