اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں احسن اقبال اور شیری رحمان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ حکومت کے خلاف جدوجہد کے لیے اپوزیشن جماعتیں پرعزم اور متفق ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر ن لیگ شہباز شریف کی ملاقات کے بعد احسن اقبال اور شیری رحمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو اور شہباز شریف کی ملاقات میں ملکی صورت حال پر اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
احسن اقبال نے کہا حکومت پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہی ہے، اسے گھر بھیجنا ضروری ہے، مہنگائی معاشی بد انتظامی سے بڑھی، متوسط طبقہ بری طرح پس رہا ہے، صنعت بھی تباہی کے دہانے پر ہے۔
انھوں نے کہا اپوزیشن جماعتوں کو مل کر مشترکہ لائحہ عمل بنانا چاہیے، اپوزیشن اتحاد کے ذریعے عوام کو اس حکومت سے نجات دلائے گی، بلاول بھٹو کل مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے، ن لیگ کا وفد بھی مولانا سے ملاقات کرے گا، بلاول بھٹو آج شہباز شریف کی دعوت پر تشریف لائے تھے، اتفاق پیدا کر کے جمہوری عمل آگے بڑھائیں گے، ملک میں جمہوری عمل آئینی بالا دستی ہی سے مضبوط ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین: بلاول اور شہباز ملاقات، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق
احسن اقبال کا کہنا تھا موجودہ حکومت کا موازنہ پچھلی حکومتوں سے نہیں کیا جا سکتا، تبدیلی کے جو وعدے کیے گئے تھے وہ تو پورے نہیں ہوئے، اب صرف کابینہ میں تبدیلی کر کے بکرے قربان کیے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا، پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا حکومت عوام کا مینڈیٹ کھو چکی ہے، مہنگائی رکنے کا نام نہیں لے رہی، ہر روز منی بجٹ آ رہا ہے، حکومت پارلیمنٹ کو کچھ نہیں سمجھ رہی، آرڈیننس سے ملک چلانا ہے تو پارلیمنٹ کو تالا لگا دیں۔
شیری رحمان کا کہنا تھا یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ عوام مشکل صورت حال سے گزر رہے ہیں، حکومت ہر چیز کا بوجھ عوام پر ڈالنے پر بہ ضد ہے، دنیا بھر میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، اوگرا نے بھی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی۔
انھوں نے کہا حکومت ملک میں اس وقت خوف ناک سیاسی اور اقتصادی تقسیم نظر آ رہی ہے، قومی اسمبلی میں 29 بل اٹھا کر بلڈوز کر دیے گئے، عوام کو ریلیف اور پارلیمان کو عزت دینے کا یہی وقت ہے، دورہ امریکا میں جو وعدے کیے گئے وہ قوم اور پارلیمنٹ سے شیئر کریں۔