اسلام آباد : حزب اختلاف نے نیب کے حوالے سے سینیٹ میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا اہم اجلاس طلب کرلیا، اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی پارلیمان میں طلبی کے مؤقف پر قائم ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے چیئرمین نیب کے پارلیمان طلبی کے مؤقف سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کرلیا، جس پر مشاورت کیلئے اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد میں اہم بیٹھک لگائیں گی۔
ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں سینیٹ میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، یہ اجلاس 30دسمبر کی صبح 10بجے پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر1میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں چیئرمین نیب کو طلب کرنے سمیت ایجنڈے پرغور کیا جائے گا، سلیم مانڈوی والا کی تحریک استحقاق شامل نہ کرنے کے بعد کی حکمت عملی پر غور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنما کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کی پارلیمان میں طلبی کے مؤقف پرقائم ہیں، چیئرمین نیب کے خلاف تحریک استحقاق اور قرارداد واپس نہیں لی جائے گی۔
واضح رہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے چیئرمین نیب کے خلاف تحریک استحقاق اور قرارداد سے متعلق اپوزیشن کا ایجنڈہ اعتراضات لگاکر واپس کردیا تھا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ نے اپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ اجلاس کے دوران تحریک استحقاق اور قرارداد کی منظوری نہیں ہوسکتی۔