اسلام آباد : اپوزیشن رہنماؤں نے موجودہ حکومت کو غیر نمائندہ قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں نئے اور منصفانہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس اسد قیصر کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں اپوزیشن جماعتوں نے 8 فروری کے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے ملک میں فی الفور نئے صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانےکا مطالبہ کیا ہے۔
اجلاس کے بعد شاہد خاقان عباسی نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا، انہوں نے بتایا کہ تمام جماعتوں نے یہ مؤقف اپنایا ہے کہ عوام پر مسلط حکومت غیر نمائندہ ہے۔ سیاسی عدم استحکام، معاشی ابتری اور دہشت گردی جیسے سنگین مسائل کا واحد حل نئے الیکشن ہیں۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دو ہزار چوبیس کے انتخابات دھاندلی زدہ تھے، حکمرانوں کو عوام پر مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقاصد کے حصول کے لیے مشاورت کا عمل جاری رہے گا، اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک میں موجودہ سیاسی حالات انتہائی تشویشناک ہیں، ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر کی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیے میں اپوزیشن کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
عشائیے میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ دیگر رہنماؤں میں چیئرمین پی اے سی جنید اکبر، صاحبزادہ حامد رضا، وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ نا صر عباس بھی موجود تھے۔