پاکستان میں بے زبان جانوروں پر ظلم میں کمی نہ آ سکی خانپور میں کھیتوں میں داخل ہونے پر گدھے کا سر کاٹ دیا گیا۔
پاکستان میں تواتر کے ساتھ بے زبان جانوروں پر ظلم کی خبریں میڈیا کی زینت بن رہی ہیں لیکن ذمے داروں کے خلاف موثر کارروائی نہ ہونے کے باعث یہ جرم تھمنے کے بجائے ظالموں کے ظلم کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ پنجاب کے علاقے خان پور موضع لاڑاں میں پیش آیا ہے جہاں انسانیت کے احساس سے عاری با اثر افراد نے کھیتوں میں داخل ہونے پر گدھے پر کتے چھوڑ دیے۔
با اثر افراد نے صرف اسی پر اکتفا نہیں کیا جب کہ ظلم کی انتہا کرتے ہوئے حسین، طارق، غلام اور صدام نامی افراد نے گدھے کی گردن بھی کاٹ ڈالی۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ ظاہر پیر میں درج کر لیا گیا ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب گدھے کے مالک اور مقدمے کے مدعی کا کہنا ہے کہ با اثر افراد مقدمہ درج کرانے پر اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ملک کے مختلف علاقوں میں اونٹ، گھوڑے، گدھے اور کئی پالتو جانوروں پر با اثر افراد کے مظالم کے واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں تاہم اب تک کسی بھی واقعے کے ملزم کو قرار واقعی سزا نہیں دی جا سکی ہے۔