راولپنڈی : ملک کے مختلف شہروں میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، آپریشن میں 2 افغانیوں سمیت 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے چپے چپے میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو تلاش کیا جارہا ہے۔ جرائم ہپیشہ افراد کی گرفتاری اوران سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔
جرائم پیشہ اور غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف آپریشن میں 2افغانیوں سمیت21مشتبہ افراد کوحراست میں لیا گیا ہے، گرفتار شدگان سے گولہ بارود،اسلحہ اور نفرت انگیز مواد قبضے میں لے لیا گیا۔
مذکورہ آپریشن اسلام آباد، راولپنڈی، ڈی جی خان اور لاہور کے علاقوں میں کیا گیا۔ اس کے علاوہ سیالکوٹ، راجن پوراور رحیم یارخان میں بھی آپریشن کیا گیا۔