جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، تین دہشت گرد ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

جنوبی وزیرستان : آپریشن ردالفساد کے تحت سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام بنادی، مقابلے کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ردالفساد ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے، سیکیورٹی فورسز کے جانباز اہلکاروں نے خیبر پختونخوا کو ممکنہ طور پر بڑی دہشت گردی سے بچا لیا۔

سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، اس دوران دہشت گردوں نے قریبی پہاڑوں پر فرار ہونے کی کوشش کی، فورسز کی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے، ہلاک شدگان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل سیکورٹی فورسز نے لورالائی میں ایف سی کے تربیتی مرکز کے رہائشی علاقے پر حملے کی کوشش نا کام بنا دی تھی، جس میں چار دہشت گرد ہلاک جب کہ چار اہلکار شہید ہو گئے تھے، شہید ہونے والے جوانوں میں صوبیدار میجر منور، حولدار اقبال، حولدار بلال اور سپاہی نقشب شامل تھے۔

اس سے قبل ستمبر میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا، جس کے نتیجے میں لشکر جھنگوی اور داعش کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے ۔

واضح رہے کہ ماضی میں بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا جا چکا ہے جب کہ ایف سی متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کرچکی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں