بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

اورنج ٹرین منصوبے کے لیے استعمال کیے جانے والے گراؤنڈز بحال کیے جائیں: عدالت

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: اورنج ٹرین منصوبے کے لیے تعلیمی اداروں کے گراؤنڈز کے استعمال کا معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے 5 روز میں تمام گراؤنڈز بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں اورنج ٹرین منصوبے کے لیے تعلیمی اداروں کے گراؤنڈز کے استعمال کے معاملے پر سماعت ہوئی۔ سماعت میں زیر زمین پانی نکالنے پر واسا نے ٹھیکیداروں کو بھجوائے گئے بل کی کاپی عدالت میں پیش کر دی۔

عدالت میں پیش کیے گئے بل کے مطابق 2 ٹھیکیداروں کو 67 لاکھ کا بل بھجوایا گیا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ اگر 10 دن میں بل جمع نہ کروائے گئے تو ٹھیکیداروں کے اثاثے منسلک کر کے پیسے وصول کر لیے جائیں گے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پانی کتنا استعمال کیا گیا اس کا کسی کو ہوش ہی نہیں۔

لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تمام گراؤنڈز کی بحالی کا کام جاری ہے، چار دیواری کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ کھیلوں کے میدان سب کے ہیں، ڈی جی ایل ڈی اے خود کہہ چکی ہیں کہ بحالی کا کام تسلی بخش نہیں تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ 5 روز میں تمام گراؤنڈز بحال کیے جائیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ میں اورنج لائن ٹرین کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ایم ڈی اورنج ٹرین نے بتایا تھا کہ 30 جولائی 2019 تک ٹرین چل سکے گی۔ ایم ڈی نے بتایا کہ مکینیکل، سول اور کنسلٹنٹسی چارجز کے لیے قرض دیا گیا۔

ایم ڈی کے مطابق منصوبہ 22 ماہ بند رہا، 5 ثقافتی جگہوں پر کام مکمل ہونا باقی ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ منصوبہ کے لیے چین کے بینک سے 162 کروڑ ڈالر سے زائد قرض لیا گیا ہے۔ منصوبے کا اسی فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں