کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق افراد کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔
اورنگی ٹاؤن، ڈسکو موڑ میں علی الصبح 2 مسلح ملزمان آئس کریم شاپ میں لوٹ مار کی واردات کر رہے تھے، کہ اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے آئس کریم شاپ کا نوجوان ملازم جاں بحق ہو گیا۔ مقتول عابد نے کچھ روز قبل ہی آئسکریم شاپ پر ملازمت شروع کی تھی۔ مقتول عابد اورنگی بہار کالونی کا رہائشی تھا، جس کا آبائی تعلق نواب شاہ سے تھا۔
واردات کے بعد فرار ہوتے ملزمان اور دوکان مالک میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ دکان دار نے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا تھا جو اپنے ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ڈاکو کی شناخت محمد عدنان کے نام سے ہوئی ہے، پولیس نے ملزم کے دوسرے ساتھی کی تلاش شروع کر دی ہے۔