ویتنام میں ایک چڑیا گھر میں بندر کے سگریٹ پینے کی ویڈیو نے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی، لوگوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو ویتنام کے شہر ہو شی می کے ایک چڑیا گھر کی ہے، ویڈیو میں نایاب نسل کا بندر جسے اورنگٹن کہا جاتا ہے، سگریٹ نوشی کر رہا ہے۔
بندر نہایت اطمینان سے بالکل انسانوں کے انداز میں سگریٹ کے کش لگاتا اور دھواں چھوڑتا دکھائی دے رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس ویڈیو نے لوگوں کو غم و غصے میں مبتلا کردیا۔
ایک شخص کا کہنا تھا کہ ایک تو اس مظلوم جانور کو قید کر کے رکھا گیا ہے، پھر اب وہ انسانوں کو دیکھ دیکھ کر ان جیسی عادات اپنا رہا ہے۔ یہ ویڈیو قطعاً مزاحیہ نہیں بلکہ ہماری بے حسی کا ثبوت ہے کہ کس طرح ہم ذہین جانوروں سے غیر انسانی سلوک کر رہے ہیں۔
اکثر افراد نے مطالبہ کیا کہ چڑیا گھر قید خانے ہیں اور انہیں بند کردیا جائے اور جانوروں کو آزاد کردیا جائے۔