لاہور: پنجاب میں گیس کا بحران شدید ہوگیا، سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی تاحکم ثانی بند کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں سی این جی کا بحران مزید شدت اختیار کرگیا، سوئی گیس حکام نے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم جاری کردیا۔
قبل ازیں سوئی گیس حکام نے گیارہ جنوری کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا حکم نامہ جاری کیا جس کے تحت 13 جنوری کو گیس کی فراہمی بحال ہونی تھی تاہم اسی روز نیا حکم نامہ جاری کردیا گیا جس کے تحت گیس کی فراہمی کی بندش میں 17 جنوری تک اضافہ کردیا گیا۔
اسی سے متعلق: پنجاب: سی این جی اسٹیشنز مزید 3 دن بند رکھنے کا فیصلہ
نئے حکم نامے کے تحت 17 جنوری کی شام کو سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بحال ہونی تھی تاہم سوئی ناردرن گیس حکام نے تاحکم ثانی گیس کی فراہمی بند رکھنے کا حکم جاری کردیا۔
اس ضمن میں کوئی اطلاعات نہ مل سکیں کہ یہ حکم نامہ کب تک نافذ العمل رہے گا اور پمپس کو گیس کی فراہمی کب بحال کی جائے گی تاہم امکان ہے سردی کم ہوتے ہی گھروں میں گیس کی طلب میں کمی آئے گی جس کے بعد ہی گیس اسٹیشنز کو فراہمی بحال ہوسکے گی۔