سعودی عرب میں غفلت اور لاپرواہی سے نومولود بچی کی موت کا لیڈی ڈاکٹر کو قصوروار قرار دیتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ ریال دیت دینے کا حکم دے دیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق جازان میں طبی کمیٹی نے لیڈی ڈاکٹر کے خلاف مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ لیڈی ڈاکٹر کی غفلت اور لاپرواہی سے شیرخوار بچی موت کے منہ میں چلی گئی۔
جازان ریجن کی العارضہ کمشنری میں طبی غلطیوں کا جائزہ لینے والی کمیٹی میں گزشتہ برس بچی کے والد نے لیڈی ڈاکٹر کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔
مدعی نے الزام عائد کیا تھا کہ ڈاکٹر کی لاپرواہی کی وجہ سے بچی کومہ میں چلی گئی جس کے بعد اس کی موت ہوگئی مگر ڈاکٹر نے اس بات کو چھپایا اور بچی کی حالت تشویشناک ہوئی تو کسی قسم کی طبی امداد نہیں دی۔
کمیٹی نے شواہد اور تمام نکات کا جائزہ لینے کے بعد لیڈی ڈاکٹر کو لاپرواہی اور غلفت کا مرتکب قرار دیا۔ کمیٹی نے لیڈی ڈاکٹر کو بچی کے والدین کو ڈیڑھ لاکھ ریال بطور دیت دینے کا حکم دے دیا۔