ایبٹ آباد: پاکستان ایئر فورس کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ مسلح افواج ہر اندرونی اور بیرونی چینلج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، ہماری مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انور خان مہمان خصوصی تھے۔
ایئر چیف نے کہا مسلح افواج کو دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں قربانیوں پر فخر ہے، مسلح افواج نے قربانیاں دے کر ملک میں امن کو یقینی بنایا، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتیں اختیار کریں۔
اعلامیے کے مطابق پاسنگ آؤٹ پریڈ میں دوست ممالک کے کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے، جن میں سعودی عرب، فلسطین، بحرین اور سری لنکا کے کیڈٹس شامل ہیں، ایئر چیف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازت تقسیم کیے۔
دریں اثنا، ائیر چیف مجاہد انور خان کی پی ایم اے آمد پر کمانڈنٹ میجر جنرل اختر ستی نے استقبال کیا، ایئر چیف مارشل نے پریڈ کا معائنہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بٹالین سینئر انڈر آفیسر عثمان شاہد نے اعزازی شمشیر حاصل کی، کمپنی سینئر انڈر آفیسر قاسم ایوب کو صدارتی گولڈ میڈ ل سے نوازا گیا، سی جے سی ایس اوررسیز گولڈ میڈل فلسطین کے انڈر آفیسر البزور نے حاصل کیا۔
تقریب میں عسکری حکام اور کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔