اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایک سال میں ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشن میں 62 فیصد اضافہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت نے ای اوبی آئی کی پینشن میں 62 فیصداضافہ کرتے ہوئے پینشن 5250سے بڑھا کر 8500 روپے کر دی ہے۔
ہماری حکومت نے1 سال میں EOBI کے بوڑھے پنشنرزکوملنےوالی رقم 62% اضافے کیساتھ 5250 سےبڑھاکر8500 روپےکردی ہےجس سے پنشنرزکو ریٹائرمنٹ کےبعد کے ایام میں مالی تحفظ فراہم کرنےمیں مدد ملےگی۔ اس سرمائے کاکثیرحصہ خود ادارے کی اصلاح سےحاصل ہورہاہے۔ ریاست مدینہ کی جانب یہ ایک اور اہم قدم ہے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 12, 2019
وزیراعظم نے کہا کہ یہ ریاست مدینہ کی جانب ایک اور قدم ہے اس عمل سے پینشنرز کو ریٹائرمنٹ کے بعد تحفظ ملےگا اور یہ عمل ادارہ جاتی اصلاح کی وجہ سے ممکن ہوا۔
قبل ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری نے ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشن میں 2 ہزار روپے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ای او بی آئی پنشن 6500 سے 8500 کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ای او بی آئی پنشن میں اضافے کا اعلان
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ نئے سال سے کم از کم پنشن 8500 ملے گی، ای او بی آئی پنشن کو 15 ہزار تک لے کر جائیں گے۔ ادارے کے منصوبے آئندہ سال میں مکمل ہو جائیں گے۔18 منصوبوں سے متعلق معاملات عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اداروں کے ماتحت عمارتوں کو استعمال میں لانا چاہتی ہے۔ اس مقصد سے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔ ای او بی آئی ملک کی خدمت کرنے والوں کے بڑھاپے کا ذمہ دار ہے۔