ماسکو: روس میں مسافر بس دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں مسافروں سے بھری بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر یوٹرن لیتی ہوئی دریا میں جاگری۔
مسافر بس میں بیس افراد سوار تھے جبکہ حادثے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بس یوٹرن لیتے ہوئے ایک گاڑی سے ٹکرائی پھر بے قابو ہوکر دریا میں جاگری۔
ریسکیو ٹیموں کے ساتھ رضاکار بھی مسافروں کو بچانے میں مصروف ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ جرم ثابت ہونے پر اسے 7 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
گورنر سینٹ پیٹرزبرگ الیگزینڈر بیگلوف کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور میں ریسکیو عملے کے ساتھ رابطے میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔