اوورسیز پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے وزیرِ اعظم کے بڑے فیصلے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، ان کے لواحقین کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں وزارت اوورسیز کے حکام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات اور ان کے مسائل کے حل کے حوالے اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق اہم فیصلے کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں کو سہولتیں دینے کا اعلان کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کےخاندان کو تعلیم،صحت، رہائش جیسی سہولتیں دی جائیں گی، اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زربھجوانے میں مشکلات دور کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اس سلسلے میں وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، ایف آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی ہنگامی اقدامات کی ہدایت دی، عمران خان نے مزید کہا کہ ترسیلات زر سے متعلق رکاوٹیں دور کرنے کیلئے فاسٹ ٹریک پر کام کریں، متعلقہ ادارے قانونی طریقہ کارسے رقم بھیجنے میں آسانی کیلئے اقدامات کریں، بیرون ملک پاکستانی ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، نادرا اور ایف بی آر ترسیلات زر کا الیکٹرانک نظام ترتیب دیں۔
اجلاس میں ملک میں تارکین وطن کی جائیدادوں پر قبضوں کی روک تھام پر مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی زمین پر قبضہ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا، اس کیلئے صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری ایکشن کی ہدایات دے دی گئیں۔
اس کے علاوہ اجلاس میں ملک چھوڑ کرجانے والوں کی جائیداد کی حفاظت کیلئے مؤثر قوانین بنانے کا اعلان کیا گیا،ایسی جائیدادوں کے تنازعات کے حل کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ ملک چھوڑ کر جانے والوں کے لواحقین کی حفاظت ریاستی ذمہ داری ہے۔
علاوہ ازیں ہم اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپسی کے موقع پر امیگریشن کے حوالے سے درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے بھی خصوصی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ پاکستانی سفارتخانوں کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظات مؤثر انداز میں دور کرنے کی واضح ہدایات بھی جاری کی جاچکی ہیں۔ https://t.co/HqM5bMZ7ML
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 12, 2018
اجلاس میں ترسیلات زر بھیجنے والوں کیلئے ٹیکس چھوٹ سمیت دیگر رعایات پر بھی غور کیا گیا،اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا جامع ریکارڈ ترتیب دینے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے نادرا اور وزارت اوورسیز کے حکام کو مذکورہ ریکارڈ ترتیب دینے کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی اس کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کے لواحقین کا ریکارڈ بھی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اوورسیز پاکستانیوں کیلئے تصدیقی عمل کی فیس 45سےکم کرکے10روپے کردی گئی، اس کے علاوہ تارکین وطن اور محنت کشوں کے لئے”نائیکوپ ” آپشنل قرار دیا گیا ہے، امیگریشن، اوورسیز پاکستانیوں کے مفت رابطے کا نظام 17اکتوبر سے فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔