لاہور : بجلی صارفین کو کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کے معاملے پر تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی ، جس میں ذمہ داروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو میں کروڑوں روپے اوور بلنگ انکوائری کے تنازع کے حوالے سے نیب لاہور نے تحقیقات مکمل کرلیں، ذرائع نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو، سی ایس ڈی اور ڈائریکٹر کمرشل کو ابتدائی انکوائری میں ذمہ دار قرار دیا ہے۔
ذرائع نیب کا کہنا تھا کہ نیب لاہور کی جانب سے تحقیقاتی رپورٹ چیئرمین نیب کوپیش کی جائے گی ، لیسکو نے صارفین کو 2024 میں کروڑوں روپے کے اضافی بل دیئے۔
چیئرمین نیب کو بریفنگ کے بعد انکوائری پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا، اووربلنگ کے ذمہ داران لیسکو افسران کیخلاف کارروائی کا امکان ہے۔.
ذرایع کا کہنا تھا کہ لیسکو افسران مبینہ طور پر انکوائری میں3،2ماہ سے تاخیری حربے استعمال کرتے رہے۔
مزید پڑھیں : اووربلنگ سے ایک سال میں شہریوں سے کتنے ارب روپے وصول کئے گئےِ؟ حیران کن انکشاف
یاد رہے گذشتہ سال جولائی لیسکو کی آڈٹ رپورٹ میں ایک سال کے دوران اووربلنگ کی مد میں شہریوں سے اربوں روپے وصولی کا انکشاف ہوا تھا۔
جس میں بتایا گیا تھا کہ اووربلنگ سے شہریوں سے ایک سال میں 1ارب 95 کروڑ وصول کیےگئے ، رپورٹ میں مختلف تعمیراتی منصوبوں میں 3 ارب 68 کروڑ کی بےضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی اور بتایا گیا لائن لاسسزمد میں 8 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔
بعد ازاں وزیراعظم نے بجلی چوری کیخلاف اقدامات اور اووربلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اوور بلنگ کسی طور قابل قبول نہیں، اوور بلنگ میں ملوث افسران کے خلاف سخت کاروائی ہو گی۔