اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی ترقی کا انجن سمجھتے ہیں، شہریار آفریدی

اشتہار

حیرت انگیز

برلن: وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی کا انجن سمجھتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے اپنے علاقوں، اپنے ملک، اپنے گھروں اور اپنے رشتہ داروں کو الوداع کہہ کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار شہریارخان آفریدی نے جشن آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جرمنی کے شہر ہنوور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور استقلال پر دنیا حیران ہے، ایک غیرت مند قوم کو جب حقیقی قیادت نصیب ہوتی ہے تو پھر دنیا کو اس قوم کا احترام کرنا پڑتا ہے۔

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے چین، سعودی عرب، امریکا، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر ممالک دوروں میں دیا جانے والا احترام دراصل پاکستان کی نیک نامی کا موجب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر سابقہ حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی کے باعث دنیا ہماری بات سننے کو تیار نہیں تھی، جب سے وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر بات کرنا شروع کی ہے، دنیا نے ہمیں سنجیدگی سے سننا شروع کر دیا ہے، پاکستان آج درست سمت میں چل پڑا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان ریفارمز اور اوپننگ اپ کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، اب ہمیں ترقی کی راہ سے کوئی نہیں ہٹا سکے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں