مانچسٹر: وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری پر راغب کررہے ہیں، ان کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔
برطانوی شہر بریڈفورڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے اوورسیز پاکستانیوں کو متوجہ کیا جائے گا، بہت جلد برطانوی شہریوں کو انٹری پر ویزا سروس فراہم کی جائے گی۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں مزدوری کے لیے جانے والوں کیلئے نائیکوپ کی شرط ختم کی، نائیکوپ فیس کی مد میں غریبوں کو کئی ہزار روپے دینے پڑتے تھے۔
خیال رہے کہ رکن برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ بھی پریس کانفرنس میں موجود تھیں۔
کے پی میں سیاحت کے فروغ سے غربت میں کمی ہوئی: وزیراعظم
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے نہایت سرگرم ہے اور اس سلسلے میں متعدد اقدامات کیے جاچکے ہیں۔
حکومت کی جانب سے سیاحوں کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان بھی کیا گیا جس کے تحت 50 ممالک کے سیاحوں کو آن ارائیول اور 175 کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں گذشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ گزشتہ 3 سالوں میں پختونخواہ کے صوبے میں غربت میں کمی کی وجہ سیاحت کا فروغ ہے، سیاحت کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔