لندن : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف اوورسیزپاکستانی بھی سراپا احتجاج ہے، مظاہرین نے عمران خان کی گرفتاری نامنظور کے نعرے لگائے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف برطانیہ کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔
لندن، مانچسٹر، گلاسگو،برمنگھم،مشرقی لندن سمیت مختلف شہروں میں اووسیز پاکستانیوں نے مظاہرے کیے اور عمران خان کی گرفتاری نامنظور کے نعرے لگائے۔
لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے سامنے اوورسیز پاکستانیوں نے مظاہرہ کیا اور عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا عمران خان کا الیکشن میں مقابلہ کرنے کے بجائے ان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت کےاس اقدام کے خلاف ہرجگہ احتجاج کریں گے۔
مانچسٹر میں بھی اوورسیز پاکستانی سڑکوں پرنکل آئے اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔
گلاسگو اور مشرقی لندن میں بھی پاکستانیوں نے احتجاج کیا ، مظاہرین نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں، اسے پار نہ کیا جائے۔
پی ٹی آئی برطانیہ کے سربراہ عمران خلیل نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتارکیاگیا تولندن، بریڈ فورڈ، مانچسٹر، برمنگھم اورگلاسگو میں احتجاج ہوگا اور ضرورت پڑی تو پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے بھی بھرپوراحتجاج ریکارڈ کرایا جائےگا۔