جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

ضمنی انتخابات 2018: 5 ہزار سے زائد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کردیے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی تاریخ میں پہلی بار بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیتے ہوئے آن لائن ووٹنگ سسٹم رائج کیا ہے، اوور سیز پاکستانی گرم جوشی سے ووٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں، اب تک 5161 لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک سے باہر رہنے والے پاکستانی شہریوں میں سے 7،410 افراد نے اپنے ووٹ کی آن لائن رجسٹریشن کرائی تھی ، جن میں سے اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق 5161 سے زائد ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق سمندر پارپاکستانیوں کاآئی ووٹنگ کےذریعےووٹ کاسٹ کرنےکاسلسلہ جاری ہے ،  اب تک  5161سمندرپارپاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق  4221 پاکستانیوں نے قومی جبکہ 940 نے صوبائی اسمبلی کی نشتوں پر ووٹ کاسٹ کیا۔ ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے الیکشن کمیشن نے شکایتی مرکز قائم کیا جہاں اب تک 23 شکایات موصول ہوئیں۔

ضمنی انتخابات میں اوورسیز شہریوں کے ووٹ یقینی بنانے کے لیے ان کی رجسٹریشن کی گئی تھی اور انہیں بذریعہ ای میل پاس کوڈ جاری کیے گئے تھے ، جس کی مدد سے وہ لوگ ووٹ کاسٹ کررہے ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق بغیر پاس کوڈ کے کوئی بھی بیرونِ ملک مقیم شہری اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرے گا۔

آن لائن ووٹنگ کی سہولت سے استفادہ حاصل کرنے والے پاکستانی آج 14 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے شام 5 بجے تک اپناحق ِ رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

ٹائم زون کا فرق


 برطانیہ اورپاکستان کے وقت میں چارگھنٹے کا فرق ہے اور وہاں کے مقامی وقت کے مطابق پاکستانی شہری دوپہر ایک بجے تک اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

امریکا اور پاکستان کے وقت میں نوگھنٹے کا فرق ہے، یہاں موجود پاکستانی شہری واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے تک ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

خلیجی ممالک اور پاکستان کے ٹائم زون میں ایک گھنٹے کا فرق ہے،اس حساب سے وہاں آباد پاکستانی اپنے مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے تک ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔

کینیڈا اورپاکستان کے وقت میں بھی فرق کل نو گھنٹے کا ہے یعنی وہاں سے رجسٹرڈ ووٹ بھی اپنے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے تک ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

آسٹریلیا اورپاکستان کے درمیان وقت کا فرق چھ گھنٹے کا ہے ، یعنی وہاں کے پاکستانی مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے تک ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔

چین کا وقت پاکستان سے تین گھنٹے آگے ہے ، لہذا چین میں رہائش پذیر پاکستانی اپنے مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے تک پولنگ میں حصہ لے سکتے ہیں۔


یاد رہے کہ اس وقت بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شہریوں کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔ سب سے زیادہ پاکستانی عرب ممالک میں مقیم ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس وقت 60 لاکھ سے زائد پاکستانی شہری ملک سے باہر ہیں۔

دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ ووٹ رجسٹر کرانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ، نہ ہی آج اس حوالے کسی بھی ملک میں اقدامات کیے گئے ۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں