دبئی: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر آج یو اے ای فضا ئیہ کے ہیڈ کوارٹرز پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق ایئر چیف مارشل انور خان کا یہ دورہ سرکاری نوعیت کا ہے اور یواے ای فضائیہ کےہیڈ کوارٹرز پر فضا ئیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے میجر جنرل سٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کمانڈر یو اے ای ائیر فورس اینڈ ائیر ڈیفنس سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ائیر چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شاندار باہمی تعلقات ہمیشہ قابلِ فخر رہے ہیں ۔
اس ملاقات میں کمانڈر یواے ای ائیر فورس اینڈ ائیر ڈیفنس نے پاک فضائیہ کی شاندار تاریخ کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی حالیہ عرصے میں جدیدیت اور خود ا نحصاری کی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں معزز شخصیات نے دونوں فضائی افواج کے درمیان موجود مثالی باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دفاعی تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور یو اے ای کی فضا ئیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں پاک فضائیہ نے بے مثال کردار ادا کیا ہے۔