پیرس : فرانس نے اسرائیل کی بڑی اسلحہ ساز کمپنیوں کو ایئر شو میں شرکت سے روک دیا، اسرائیلی کمپنیوں کے جارحانہ ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس ایئرشو2025 کا آغاز ہوگیا ، جس میں ڈرون و ایئر ڈیفنس پر خصوصی توجہ مرکوز ہے، ایئر شو 22 جون تک لی بورجے ایئرپورٹ پیرس میں جاری رہے گا۔
ایونٹ میں جدیدجنگی طیارے،میزائل اورڈرون ٹیکنالوجی کی نمائش کی جارہی ہے جبکہ فرانس نے اسرائیل کی بڑی اسلحہ ساز کمپنیوں کو ایئر شو میں شرکت سے روک دیا۔
ایل بٹ،رافیل،آئی اے آئی اور یو ویژن کو ایئر شو میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی، فرانسیسی حکام نے کہا اسرائیلی کمپنیوں کے جارحانہ ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی ہے۔
اسرائیل کےآئرن بیم، آئرن بیم ایم اور لائٹ بیم جیسے لیزر ہتھیاروں کی نمائش پر اعتراض کیا گیا اور رافیل کمپنی کو فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی نمائش سے روک دیا گیا۔
آئی اے آئی کے ایرو اور باراک ایم ایکس ایئر ڈیفنس سسٹمز بھی نمائش سے ہٹا دیئے گئے۔
چین کوایئرشو میں مکمل شرکت کی اجازت ہے اور جدید طیاروں کی نمائش جاری ہے ، چینی جے 10، جے35 جنگی طیارے اور اے جی 600 فائر فائٹنگ طیاروں کو نمائش میں رکھا گیا ہے۔
اسلام آباد : پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری کا کہنا ہے کہ ایران اسرائیل کے ساتھ طویل جنگ کے لیے تیار ہے، جس مقام سے ہم پرحملہ ہوگا ہم اسی جگہ پر جواب دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے اے آر وائی نیوز کو اہم انٹرویو میں کہا کہ جب تک جارحیت ہوگی ہمارے پاس بھی دفاع کے سوا کوئی راستہ نہیں جو ہم کریں گے۔
ڈاکٹر رضا نے بتایا کہ بھارت نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت نہیں کی ہے، بھارت نے کچھ رابطے ضرور کئےہیں لیکن واضح طور پر مذمت نہیں کی، دوستوں کا شکریہ ادا کرتےہیں جنہوں نےایران کی سیکیورٹی کونسل میں بھی حمایت کی، تمام ہمسایہ ممالک خاص طور پر پاکستانی حکومت نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی، پاکستانی عوام اور میڈیا نے بھی اچھی کوریج دے کر ایران کی حمایت کی۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ جس مقام سےہم پرحملہ ہوگا ہم اسی جگہ پر جواب دیں گے، علاقائی ممالک میں سے ابھی تک امریکی اڈوں سے ایران پر حملے نہیں کئے گئے اور جن ممالک میں امریکی اڈے ہیں وہاں کی حکومتوں نے اسرائیل کی مذمت کی ہے، علاقائی ممالک سے رابطہ ہے اور امید ہے وہ اپنی سرزمین ایران کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
انھوں نے کہا کہ امریکا اس جارحیت میں شریک ہے اور ہم کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے، 40سال سے زائد ہوگئے جوبھی امریکی صدر آتا ہے وہ بےتکی باتیں کرتا ہے، 15جون کوامریکا سےبات چیت طے تھی لیکن دو روز پہلے دہشت گردی کردی ، ہمارے جو کمانڈرز آرام کررہے تھے اور فوجی وردی میں نہ تھےان پر حملہ بزدلانہ اقدام تھا۔
ڈاکٹر رضا امیری کا کہنا تھا کہ جنگ میں نشیب وفراز آتےہیں اورجب اختتام ہوگاتودیکھیں کون جیتتا ہے، حق ہمیشہ تنہا ہوتاہے، ایران کی پالیسی ہےکہ وہ نہ شرقی ہے ناغربی بلکہ ہم مستقل ہیں۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ صیہونی حکومت ابھی تک جارحیت جاری رکھےہوئےہے،ان کونقصان بھی اٹھانا پڑا، صیہونی ملک میں عدم تحفظ کااحساس ہے، ہر رات کو ان کے شہروں پرمیزائل حملےہورہےہیں، ان کے بڑے دعووں کے باوجود ہمارے میزائل ان کو لگ رہےہیں ،نقصان بھی ہورہاہے لیکن ابھی تک اس جنگ کو بندکرنے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش کسی طرف سےنہیں ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب یہ دیکھیں گےاسرائیل کو شکست ہورہی ہے تو یہ سب صلح کیلئے سامنے آجائیں گے، ہم نےکبھی مذاکرات کی میز کو ترک نہیں کیا لیکن ایسے حملوں کے بعد کیسے مذاکرات۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کی تاریخ ہے وہ ایسی جنگ شروع کریں کہ شکست نہ ہو اور تھوڑےعرصے کے لیے ہو، نیتن یاہو نےبھی کہا کہ اس نے ٹرمپ کےساتھ رابطےمیں رہ کریہ جارحیت کی، صیہونی حکومت کی سب سےبڑی جنگ حماس کیخلاف ہوئی جواسلام پسندوں کی وجہ سےجاری ہے،صیہونی حکومت ایسے پاگل شخص کی طرح ہوگئی ہے جو ہر کسی کو کاٹنے کو دوڑ رہا ہے۔
ایرانی سفیر نے بتایا کہ ہم کبھی شارٹ مدت کی کشیدگی میں نہیں گئے ، ایران کیخلاف جارحیت کا فیصلہ بھی اسی طرح ہوگا، اسرائیل نےجن علاقوں پر قبضہ کیا وہ محدود ہیں جبکہ ایران ایک براعظم کا نام ہے، اسرائیل ایران کی کتنی جگہوں پر حملہ کرلے گا۔
ڈاکٹر رضا امیری کا کہنا تھا کہ اسرائیل کےلوگ بنکرز میں کتوں کیساتھ رہ رہے ہیں جس کی تصویریں بھی ہیں، ابھی تک نیتن یاہو صرف ایک بار اپنے بنکر سے باہر نکلاہے اور دوسری طرف ایران میں لوگ چھتوں پر چڑھ کر دیکھ رہے ہوتےہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ صدام نے جب امریکی سپورٹ سےجنگ کی توہمارے پاس کلاشنکوف کی گولیاں نہ تھیں، آج ہمارے میزائل ہر رات اسرائیل کو جنجھوڑ رہےہیں، جنگ شروع کرنے کا اختیار اسرائیل کے پاس تھا لیکن اختتام اس کےپاس نہیں۔
حملے سے متعلق سوال پر ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ یہ سوال دوسروں کی طرح ہمارے لیے بھی ہے کہ صیہونی حکومت نےکس بنیادپراقدام اٹھایا، صیہونی حکومت نےبہت سےبےگناہ لوگوں کو جارحیت سے شہید کیا، صیہونیوں کی جارحیت کی اصل وجہ کچھ اور ہے ایٹمی مسئلےکابہانہ بنایا گیا، ہمارے ایٹمی پروگرام کی سب سےزیادہ مانیٹرنگ ہوئی ، آئی اےای اے نے15بار پرامن ہونےکی تصدیق کی اور امریکی انٹیلی جنس نے ایرانی ایٹمی پروگرام کوپرامن قرار دیا ہوا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ہمارے سپریم لیڈر نے ایٹمی ہتھیاروں کو ممنوع اور حرام ہونےکا فتویٰ جاری کیا ہوا ہے ، کسی قسم کا جواز ان کے پاس نہیں تھا سوائے ہم فلسطین کاز کی حمایت کرتےہیں، ہمارے ملک پر جارحیت کی گئی ہےاور ہم اپنا دفاع کررہےہیں، جس نے جارحیت کو شروع کیا اوراسکےحمایتی امریکاسےپوچھنا چاہیےیہ کب تک ہوگی، امریکی غاصب حکومت اسرائیل کو اسلحہ اورحمایت دےرہاہےجس کےدستاویزی ثبوت ہیں۔
اسلام آباد : بجٹ میں سولر پینل پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز مسترد کردی گئی ، جس پر چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ سولر پینل پورا بنایا ہوا امپورٹ کیا جائے تو اس پر سیلز ٹیکس نہیں۔
تفصیلات کے مطابق سید نوید قمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں بجٹ میں سولر پینل پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز مسترد کردی گئی۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ سولر پینلز کے فوٹو وولٹیک سیلز کے اوپر سیلز ٹیکس نہیں ہے، سولر پینل پورا بنایا ہوا امپورٹ کیا جائے تو اس پرسیلز ٹیکس نہیں ،سولر پینلز کے پارٹس امپورٹ کرکے یہاں تیار کیا جائے تو ٹیکس ہے، سولر پینلز پہلے بہت مہنگے تھے اب کافی سستے ہوچکے ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے ایوان میں سولر پر ٹیکس کی مخالفت کی، پیسے ہی جمع کرنےہیں تو اس کے اورلاکھوں طریقےہیں۔
رکن کمیٹی کا کہنا تھا کہ مارکیٹ چیک کریں کہ 2ہفتےمیں سولر کی قیمتیں کتنی بڑھی ہیں، جب سے سولر پر ٹیکس کا اعلان ہوا سولر پینل مہنگے ہوگئے، غریب آدمی کیلئے سولر پر 18 فیصد جی ایس ٹی ناقابل برداشت ہے۔
رکن کمیٹی مرزا افتخار بیگ نے کہا کہ ری نیوایبل انرجی کی بات کر رہے ہیں تو سولر پر ٹیکس ہونا ہی نہیں چاہئیے، مقامی طور پر تیار کردہ سولر پینل کا معیار بہت ہی خراب ہے، امپورٹڈ سولر پینلز مقامی تیارہ کردہ پینلز کی نسبت کافی سستے ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ سولر پر18 فیصد جی ایس ٹی سے 20 ارب روپے آئیں گے، جس پر رکن کمیٹی شہرام ترکئی کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی ملک میں لانی ہے تو حکومت لوگوں کو ریلیف دے، پاکستان میں کاروباری لاگت پہلے ہی بلند ہے اوپر سے ٹیکس لگا رہے ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نوید قمر نے کہا کہ سولر پینل پر ٹیکس کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے، جس پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جواب دیا کہ آپ کی تجویز نوٹ کرلی گئی ہے۔
کمیٹی ارکان نے کثرت رائے سے ایف بی آر کی تجویز کو مسترد کردیا، تاہم رکن کمیٹی جاوید حنیف نے کہا کہامپورٹڈ سولر پینل پاکستان میں ڈمپ ہورہا ہے، امپوٹڈ سولر پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگایا جائے، امپورٹڈ سولر پر ٹیکس چھوٹ دی جاتی رہی تو پاکستان میں کبھی نہیں بنے گا۔
پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز بابر اعظم کی بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی سکسرز سے معاہدے کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سڈنی بابراعظم کو سکسرز نے بیس پرائز سے زیادہ معاوضے کی پیشکش کرکے پری سائن کیا ہے جس کیلئے سڈنی سکسرز بابر کو تقریباً 10 کروڑ روپے معاوضہ ادا کرے گی۔
ذرائع کے مطابق بابر کو سڈنی سکسرز نے پلاٹینیم کیٹیگری میں پک کیا ہے، سڈنی سکسرز کی پلاٹینم کیٹیگری کی بیس پرائز تقریباً پونے8 کروڑ روپے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے ساتھ بابر بی بی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کی صف میں کھڑے ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ بگ بیش لیگ 14 دسمبر سے آسٹریلیا میں شروع ہوگی جس میں قومی ٹیم کے سابق کپتان پہلی بار شرکت کررہے ہیں۔
عاقب جاوید کا بابر اعظم سے متعلق بیان:
نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر عاقب جاوید کا بابر کے ٹی 20 کرکٹ میں مستقبل پر دوٹوک بیان آگیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاقب جاوید نے واضح کیا کہ بابر سمیت تمام کرکٹرز کے لیے ٹیم کے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہے وہ بابر ہو یا کوئی اور کھلاڑی ٹیم میں سب کے لیے جگہ ہے، اگر بابر یا کوئی اچھی کارکردگی دکھاتا ہے تو وہ اپنا مقام حاصل کرلے گا اور کوئی بھی کھلاڑی کارکردگی کے ذریعے آگے بڑھ سکتا ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑی خود جانتے ہیں کہ کونسا فارمیٹ ان کے لیے بہترین ہے اور انہیں آگے کن چیلنجز کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑی جانتے ہیں کہ وہ کس فارمیٹ میں فٹ ہوتے ہیں۔ ان کے لیے بہت سے چیلنجز ہیں اور انہیں ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ دور میں پاکستان کی اچھی کارکردگی کی امید ظاہر کرتے ہوئے، عاقب نے کہا کہ وہ اس بار پاکستان کے امکانات کے بارے میں پراعتماد ہیں۔
اسلام آباد : اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا، ایمان کو دوستوں کے سامنے ہی قتل کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کے ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈی آئی جی جواد طارق نے بتایا کہ تھانہ رمنا کی حدود میں گرلز ہاسٹل میں ایمان کا قتل ہوا، ملزم کی جانب سے فائرنگ کرکے لڑکی کو قتل کیا گیا۔
جواد طارق کا کہنا تھا کہ ملزم سے متعلق مختلف کیمروں اور دیگر شواہد سے تحقیقات کیں، ملزم واردات کی نیت سے آج دوبارہ ہاسٹل آیا تھا تو گرفتارکرلیا،ڈی آئی جی
ملزم فیروزجھنگ کا رہائشی ہے،زیادتی کیس میں بھی مطلوب تھا جبکہ ملزم موٹرسائیکل چوری کے مختلف مقدمات بھی تھے۔
بعد ازاں 22سالہ طالبہ کو ہاسٹل میں قتل کرنے کے کیس میں ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد آصف ہنجرا کی عدالت میں گرفتارملزم کو پیش کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے ملزم کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیجنے کی استدعا کی ، عدالت نے استدعا منظور کرکےملزم کو شناخت پریڈکیلئے جیل بھیجنےکا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ 19 اپریل کو ملزم نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ہاسٹل میں گھس کر طالبہ ایمان کو دوستوں کے سامنے ہی قتل کر دیا تھا، تھانہ رمنا پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی تھیں تاہم ملزم قتل کی واردات کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔
کراچی : پی آئی اے کے پائلٹ نے دوران پرواز اسرائیل پر فائر کیے گئے ایرانی میزائلوں کی ویڈیو بنالی، بیلسٹک میزائل سعودی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے اسرائیل کی جانب جارہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) کے پائلٹ نے دوران پرواز اسرائیل پر فائر کیے گئے ایرانی میزائلوں کی فلم بندی کی، پائلٹ نے یہ ویڈیو سعودی فضائی حدود میں اپنے طیارے کے کاک پٹ سے بنائی۔
ائیرلائن ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ شب جدہ سے پاکستان آنے والی قومی ایئرلائن کا طیارہ جس وقت سعودی فضائی حدود میں دممام سٹی پرسے گزر رہا تھا، عین اس وقت ایران سے فائرکیے گئے بیلسٹک میزائل سعودی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے اسرائیل کی جانب جارہے تھے، اس دوران پائلٹ نے اپنے طیارے کے کاک پٹ سے ان میزائیلوں کی ویڈیو بنا لی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اس مقام پر ایرانی سرحد بہت قریب ہے، ان بیلسٹک میزائیلوں سے پرواز کرتے طیاروں کوکوئی خطرہ نہیں ہوتا کیوں کہ یہ میزائل بہت بلندی پر اپنا راستہ بناتے ہیں۔
اس سے قبل ایسی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آچکی ہیں جن میں ایران کے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کے مختلف حصوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، جس میں کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں تاہم ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے متعدد افراد کو نکال لیا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل نے خوف اور افراتفری کے مناظر کی اطلاع دی ہے کیونکہ ایرانی میزائل ملک کے وسطی علاقوں پر گرے، جس سے کافی نقصان اور جانی نقصان ہوا۔
اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے احکامات پر ٹریفک انفورسمنٹ مہم میں ٹریفک پولیس نے گزشتہ ہفتے کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔
ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ٹریفک انفورسمنٹ مہم کے دوران قوانین کی خلاف ورزیوں پر ایک ہفتے میں 792 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائیاں کی گئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق دوران ڈرائیونگ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 1 ہزار 779 موٹرسائیکل اور 1 ہزار 532 گاڑیاں تھانے منتقل کی گئیں۔
بتایا گیا کہ لین خلاف ورزی پر 469، بغیر لائسنس کے 111، غیر قانونی پارکنگ 1816، مخالف سمت 775 ڈرائیورز، بغیر نمبر پلیٹ 1051، سگنل وائیلشن 1103 اور بغیر ہیلمٹ پر 1302 کارروائیاں کی گئی۔
سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے خصوصی مہم کے تحت بلا تفریق کاروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔
کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ ٹریفک اہلکار یقینی بنائیں کہ کوئی بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ نہ کر سکے۔
انہوں نے شہریوں سے ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔
مئی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایک ہفتے کے دوران 1 ہزار 52 گاڑیاں قوانین کی خلاف ورزی پر بند کی تھیں جبکہ 740 موٹرسائیکل اور 312 گاڑیوں کے چالان کیے تھے۔
کالے شیشے استعمال کرنے والی 98 گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جبکہ دوران ڈرائیونگ موبائل استعمال کرنے پر 114 ڈرائیورز کو جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
اسی طرح غیر قانونی پارکنگ پر 3 ہزار 315، سیٹ بیلٹ خلاف ورزی پر 384 گاڑیوں اور دوران ڈرائیونگ ہیلمنٹ نہ پہننے پر 634 موٹر سائیکل کو ٹکٹس جاری کیے گئے تھے۔
چین کے وسطی صوبے ہونان میں آتش بازی کی فیکٹری میں ہونے والے ہولناک دھماکے میں 9 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چانگدے کے قریب آتش بازی کی فیکٹری میں ہونے والے دھماکے میں 26 افراد کے زخمی جبکہ 2 افراد لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
چینی میڈیا کا کہنا ہے کہ صوبے ہونان کے شہر چانگڈے میں فیکٹری میں دھماکا گزشتہ روز ہوا تھا۔ ریسکیو ٹیمیں امدادی کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سرکاری نشریاتی ادارے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ متاثرہ فیکٹری پہاڑی علاقے میں واقع ہے، جہاں پانی کا بڑا ذریعہ موجود نہیں، جس سے آگ بجھانے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔
اس سے قبل ٹوکیو کے علاقے ایڈوگاوا وارڈ کے ہگاشی کاسائی علاقے میں ایک تعمیراتی مقام پر ہونے والے زوردار دھماکے میں 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ٹوکیو میں دھماکا صبح کے وقت ہوا تھا جس کے باعث ایک تعمیراتی گاڑی میں آگ لگ گئی تھی، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دھماکا زیرِ زمین گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق دھماکے کی زد میں آ کر زخمی ہونے والے افراد میں مزدور اور قریبی رہائشی شامل ہیں جن کی عمریں 20 سے 70 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بیجنگ : چین نے امریکا کو ایران اسرائیل تنازع میں کردار ادا کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران اسرائیل تنازع میں جلتی پر تیل ڈالنے کا الزام لگادیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ گو جیاکون نے امریکی صدرکے حالیہ بیانات کو جلتی پر تیل قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایران پر حملوں سے جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہوسکتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شعلوں کو بھڑکانا، تیل ڈالنا، دھمکیاں دینا اور دباؤ بڑھانا کارگرثابت نہیں ہوگا، اس طرح سے تنازع مزید شدت اختیارکرے گا۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ دھمکیوں سے مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ صورتحال کو پرسکون بنانے کیلئے سفارتی راستہ ہی واحد حل ہے، بیجنگ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر آمادہ ہے۔
گذشتہ روز چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ اگر اسرائیل ایران تنازع بڑھا تو مشرق وسطیٰ کے ممالک سب سے پہلے اس کا شکار ہوں گے۔
.
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کو ایران پر اسرائیل کے حملوں پر گہری تشویش ہے ۔۔ فریقین کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں ، خطے میں مزید انتشار روکیں،اور تنازع حل کرنے کے لیے حالات پیدا کریں۔
خیال رہے اسرائیل میں چین کے سفارت خانے نے بھی اپنے شہریوں پر زور دیا کہ وہ "جلد سے جلد” ملک چھوڑ دیں۔
واضح ریے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو فوری تہران خالی کرنے کا انتباہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو ڈیل پر دستخط کر دینے چاہئیں، انسانی جانوں کا ضیاع شرمناک ہے، سب تہران کو فوری خالی کردیں، ایران کے پاس کسی صورت ایٹمی ہتھیار نہیں ہونا چاہیئے۔
کراچی : شدید گرمی نے شہریوں کا برا حال کررکھا ہے تاہم محکمہ موسمیات نے مون سون کے پہلے اسپیل سے متعلق خوشخبری سنادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 25 جون سے ملک بھر میں مون سون کا پہلا اسپیل شروع ہونے کی خوشخبری سنادی ، جو 2 جولائی تک جاری رہے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات انجم نذیر نے بتایا کہ بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث موسم گرم ہے اور آج درجہ حرارت 41 ڈگری تک جاسکتاہے اور محسوس کیا جانے والا پارہ 50 تک جانے کا امکان ہے۔
انجم نذیر کا کہنا تھا کہ کل شام سمندری ہوائیں مکمل بحال ہونے سےموسم بہتر ہوسکتا ہے اور 19 جون سے مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ صبح وشام بوندا باندی کا امکان ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشترشہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، کراچی میں سمندری ہوائیں معطل اور شدید حبس کی کیفیت ہے، درجہ حرارت انتالیس ڈگری،جبکہ گرمی کی شدت کا احساس سینتالیس ڈگری تک پہنچ گیا۔
سبی میں پارہ چھیالیس پرشدت انچاس ڈگری ، سرگودھا میں انتالیس ڈگری کی گرمی پینتالیس ، بہاولپور میں اڑتیس ڈگری کی گرمی چھیالیس ڈگری محسوس کی گئی۔
ڈی آئی خان میں سینتیس ڈگری کی گرمی تینتالیس، ملتان اور فیصل آباد میں چھتیس ڈگری کی گرمی کا احساس پینتالیس،راولپنڈی میں چھتیس ڈگری شدت چالیس ڈگری ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد اورپشاوردرجہ حرات چھتیس ڈگری اور لاہورمیں درجہ حرارت پینتیس ریکارڈ کیا گیا۔