ہوم بلاگ صفحہ 26330

اکتیس جولائی کے فیصلے پر نظرثانی اپیل، سماعت فل کورٹ کرے گا

0

   پرویزمشرف کیخلاف سپریم کورٹ کے اکتیس جولائی کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل پر اعتراض دور کرنے کی درخواست جسٹس انور ظہیر جمالی نے فل کورٹ منتقل کردی۔

پرویز مشرف کے خلاف اکتیس جولائی کے فیصلے پر نظر ثانی اپیل کی سماعت اب فل کورٹ کرے گا، پرویز مشرف کے اکتیس جولائی کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراض کا معاملہ فل کورٹ کو بھیج دیا گیا۔

سپریم کورٹ کے جج انور ظہیر جمالی نے نظر ثانی اپیل کا معاملہ فل کورٹ کو ریفر کر دیا، پرویز مشرف نے اکتیس جولائی دو ہزار نو کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی تھی، جسے بعد ازاں رجسڑار سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر واپس کر دیا تھا۔

مولانا طارق جمیل کی جانب سے وینا ملک کی دعوت ولیمہ

0

دبئی میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی جانب سے اداکارہ وینا ملک اور انکے شوہر اسد بشیر کے اعزاز میں ولیمے کا اہتمام کیا گیا، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

دبئی میں ہونے والی ولیمے کی تقریب میں قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی کے کپتان محمد حفیظ، وکٹ کیپر سرفراز، احمد شہزاد، محمد عرفان اور دیگر شریک ہوئے۔

گذشتہ روز بھی مولانا طارق جمیل کی جانب سے وینا ملک اور اسد بشیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا اور طارق جمیل نے جوڑے کو عمرہ اور حج کی ادائیگی کی بھی دعوت دی۔
 

صرف پرویز مشرف کو ہی آئین توڑنے کی سزا کیوں دی جائے، الطاف حسین

0

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ماہرینِ قانون، سیاسی رہنماؤں ، تجزیہ نگاروں اور عوام کو اپنے سات نکات پیش کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ آئین توڑنے کے الزام میں صرف پرویز مشرف کو ہی سزا کیوں دی جائے۔

الطاف حسین نے اپنے سات نکات میں کہا ہے کہ بارہ اکتوبر انیس سو ننانوے کو جمہوری حکومت فوج کی طرف سے برطرف کی گئی، اس وقت جنرل مشرف طیارے میں محو پرواز تھے، جنرل مشرف کی واپسی پر جرنیلوں کے اجلاس میں آئین کو معطل کرنے کا فیصلہ اور سپریم کورٹ کے ججوں سے پی سی او پر حلف اٹھانے کو کہا گیا۔ پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے ججز میں جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت دیگر شامل تھے۔

انکا کہنا ہے کہ بارہ اکتوبر کو نوازشریف نے جنرل پرویزمشرف کو برطرف کرکے لیفٹنٹ جنرل ضیاء الدین بٹ کو آرمی چیف بنایا لیکن جرنیلوں اور کورکمانڈرز نے ان کے احکامات نہیں مانے، بارہ اکتوبر انیس سو ننانوے کو جنرل پرویزمشرف اور دیگر جرنیلوں نے آئین کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹا اور آئین معطل کیا، وزیراعظم نواز شریف اور لیفٹنٹ جنرل ضیاء الدین بٹ کو گرفتار کیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ پی سی او کے تحت حلف اٹھانے والے سپریم کورٹ کے ججز نے آئین کی کس شق کے تحت بارہ اکتوبر کا اقدام جائز قرار دیا، کس آئین کے تحت جنرل پرویزمشرف کی فوجی حکومت کو تین سال کام کی اجازت دی اور کس آئین وقانون کے تحت فوجی حکومت کو آئین میں ترامیم کا اختیار دیا۔

انھوں نے کہا کہ آج بعض لوگ بارہ اکتوبر انیس سو ننانوے کو حکومت الٹنے اور آئین معطل کرنے کو غیرآئینی قراردینے کے بجائے صرف تین نومبر دو ہزار سات میں ایمرجنسی کا نفاذ آئین کی خلاف ورزی کیوں قرار دے رہے ہیں اور وہ بارہ اکتوبر ننانوے کے فوجی اقدام کو قابل معافی یا جائز کس طرح قرار دے رہے ہیں، ملک میں جنرل ایوب خان، جنرل یحیٰ خان اورجنرل ضیاء الحق نے مارشل لاء نافذ کرکے آئین کی خلاف ورزی کی لیکن کسی کو ایک لمحے کیلئے قید نہیں رکھا گیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء میں حکومت اور اسمبلیاں برطرف کی گئیں اور وزیراعظم کو پھانسی پر لٹکایا گیا جبکہ جنرل پرویزمشرف نے نہ صرف نواز شریف کی سزا معاف کی بلکہ انہیں پورے خاندان سمیت سعودی عرب جانے کی اجازت دی، جنرل پرویزمشرف کو ایمرجنسی کا تنہا ذمہ دار قرار دے کر جیل میں قید کرنا اور باقی جرنیلوں کو آئین کی کس شق کے تحت آزاد قراردیا گیا ہے۔

الطاف حسین نے آئین وقانون کے ماہرین سے کہا ہے کہ وہ ان کے سات نکات کا آئین ، قانون اورمنِطق کی روشنی میں جواب دیں تو میں ان کے مشکور ہوں گے۔
    
   

کوئٹہ:شدید سردی،لکڑی اور کوئلہ کی مانگ میں اضافہ

0

کوئٹہ میں شدید سردی کے پیش نظر جلانے والی لکڑی اور کوئلہ کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، گیس پریشر کے ستائے شہریوں کو لکڑی کی قیمتیں بھی ڈسنے لگی ہیں۔

کوئٹہ میں موسم سرما کے دوران گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ گزشتہ چند سال سے چلتا آرہا ہے مگر اس سال یہ مسئلہ شدت اختیار کرگیا ہے، شہر کے نواحی علاقوں کے ساتھ ساتھ وسطی علاقوں میں بھی گیس غائب ہوجاتی ہے، اس اذیت ناک صورتحال میں ایندھن کے متبادل ذرائع لکڑی اور کوئلہ کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے، لوگ گھروں میں انگیٹھیاں جلا کر خون جما دینے والی سردی کا مقابلہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

سوئی گیس کی عدم دستیابی کی صورت میں لکڑی اور کوئلہ بہترین متبادل ذریعہ ایندھن ہے، اس وجہ سے لوگ سوختنی لکڑیاں خریدنے ٹالوں کا رخ تو کرگئے ہیں مگر آسمان چھوتی قیمتیں غریبوں کی پہنچ سے دور ہیں، ٹال مالکان کا کہنا ہے کہ لکڑی مارکیٹ سے مہنگے داموں آرہی ہے۔

صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے سرد علاقوں کے لوگ موسم سرما لطف اندوز ہونے کی بجائے ایندھن کی فکر میں گزار رہے ہیں، گیس پریشر میں کمی کے ستائے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت لکڑیوں کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے اقدامات کرے تاکہ غریب عوام کی پریشانیوں میں کچھ حد تک کمی آسکے۔
       

امریکہ:کمپیوٹرالیکٹرونکس شو2014، 105انچ کی ٹی وی اسکرین کی نمائش

0

اسمارٹ ٹی وی اور گاڑی کو کنٹرول کرنے والے گیجیٹس کی نمائش کیلئے امریکا میں کمپیوٹر الیکٹرونکس شو دوہزار چودہ سجایا گیا، ایک سو پانچ انچ کی لچک دار ٹی وی اسکرین نے صارفین کو حیران کردیا۔

نمائش میں شامل جدید ٹی وی، اسمارٹ گھڑیاں اور انٹرنیٹ سے جڑی گھریلو استعمال کی اشیا سب کی توجہ کا مرکز ہیں، امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والی نمائش میں ایک سو پانچ انچ کا لچکدار ٹی وی متعارف کروایا گیا ہے، جسے جب چاہیں فلیٹ یا کرووڈ ٹی وی بنایا جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ نمائش اسمارٹ فون گھڑیاں، انٹرنیٹ سے جڑے فریج ،اوون اور دیگر گھریلو استعمال کے الیکٹرونک آئٹمز اور شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی کے ساتھ ہزاروں جدید اشیاء رکھی گئی ہیں، جدت سے بھرپور دنیا کا یہ سب سے بڑا ’کمپیوٹر الیکٹرونکس شو2014‘ چار روز تک جاری رہے گا۔
 

نیو یارک: نیشل بورڈ آف ریویو ایوارڈ کی رنگارنگ تقریب کا انعقاد

0

نیو یارک میں گذشتہ سال بہترین کارکردگی دیکھانے اور باکس آفس پر سپر ڈوپر ہٹ ہونے والی فلموں کو نیشل بورڈ آف ریویو ایوارڈ دیا گیا۔

گذشتہ سال کمپیوٹر آپریٹیننگ سسٹم سے محبت کا سال رہا، فلم  ہر کو بہترین فلم کے لئے نیشل بورڈ آف ریویو ایوراڈ سے نوازا گیا، فلم کی کہانی کسی صنف نازک سے رومینس سے نہیں بلکہ کمپیوٹر آپریٹیننگ سسٹم سے عشق پر مبنی ہے۔

فلم ہر کے ڈائیریکٹر کو بھی زبردست موضوع منظر عام پر لانے کے لئے ایوارڈ دیا گیا، ڈائیریکٹر مارٹین اسکارسیزز کی فلم دی وولف آف وال سٹریٹ بھی کسی سے کم نہیں رہی اور ڈیشنگ اسٹار لیو نارڈو ڈی کیپریو کو کئیرئیر میں اہمیت کے حامل اس ایوارڈ کا حق دار قرار بنایا گیا۔

سال دو ہزار تیرہ میں بیسٹ اداکار بوریس ڈرین رہے، فلم فوریٹ ویل اسٹیشن میں آسکر ایوراڈ کا تاج اپنے سر سجانے والی اداکارہ  اسپینسر کو بیسٹ سپورٹننگ ادکارہ کے طور پر ایوارڈ ملا۔،

نیشنل ایوارڈ کی تقریب میں دو مارچ کو سجنے والے اکیڈمی ایوارڈ کے لئے فلم ہر ، ٹوئیلو ائیر آ سلیو ، امریکن ہوسٹل اور نیبریسکا کو نامزد کر لیا گیا اور تو اور فلم دی پاسٹ کے ڈائیریکٹر اصغر فریدی کو بھی گذشتہ سال کی ٖفورن لینگویج فلم کا پرائز دیا گیا۔

مظفر گڑھ:بس ٹرک اور کارمیں تصادم، 2افراد جاں بحق6 زخمی

0

مظفر گڑھ میں مسافر بس ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق اورچار خواتین سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔

مظفرگڑھ میں میانوالی روڈ پر دھند کے باعث پیش آنے والے ٹریفک حادثے نے دو افراد کی جان لے لی، اطلاعات کے مطابق ایک کار مسافر بس ٹرک کا آپس میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ون ون ٹو ٹو اور پولیس موقع پر پہنچ گئی، حادثے میں چار خواتین سمیت افراد زخمی بھی ہوگئے، زخمی افراد کو فوری طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق حادثہ دھند کی وجہ سے پیش آیا۔

پشاور:نامعلوم افراد کی ایس ایچ او حمید گل کی گاڑی پر فائرنگ

0

پشاور میں نامعلوم افراد نے ایس ایچ او بالا ماڑی حمید گل کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او اپنے محافظوں سمیت زخمی ہوگئے۔

زرائع کے مطابق پشاور رنگ روڈ پہاڑی پورہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایس ایچ او بالا ماڑی حمید گل کی گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی، جب وہ اپنے گارڈ کے ہمراہ اپنے گھر سے دفتر کے لیے روانہ ہوئے، حملہ میں ایس ایچ او کو تین گولیاں لگی جبکہ انکے محافط اور ڈرائیور بھی زخمی ہوئے۔

ایس ایچ او حمید گل اور انکے ساتھیوں کو زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق حملہ آور کی تعداد تین تھی، جو موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لیے رنگ روڈ پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

ڈاکٹرز کے مطابق ایس ایچ او کو تین گولیاں لگی ہیں جبکہ انکے محافظ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
    

   

دمشق: القاعدہ کے باغی گروپ کے سربراہ کا خانہ جنگی کے خاتمے کا مطالبہ

0

دمشق میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے باغی گروپ کے سربراہ نے شام میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لئے حزب اختلاف کے دھڑوں کے درمیان جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

باغی گروپ کےسربراہ ابو محمد گولانی نے اپنے ایک آڈیو ریکارڈڈ پیغام میں شامی صدر بشار الاسد کیخلاف گذشتہ پانچ دن سے جاری خونریز لڑائی کے بعد دونوں دھڑوں کےدرمیان جنگ بندی کی اپیل کر دی۔

حزب اختلاف کی ایک مانیٹرنگ گروپ کے مطابق گذشتہ سال سے تاحال باغی گروپوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں تقریبا دو سو چوہتر افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بغداد:مشرقی شہر میں فائرنگ، 12افراد جاں بحق، متعدد زخمی

0

عراق میں پرتشدد کاروائیاں جاری ہیں، فائرنگ کے تازہ ترین واقعے میں سات خواتین سمیت بارہ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

  پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عراقی دارالحکومت بغداد کے مشرقی علاقے زایونا کے رہائشی اپارٹمنٹ میں پیش آیا، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سات خواتین سمیت بارہ افرادجاں بحق ہوئے۔

زایونا میں ہونیوالا واقعہ اپنی نوعیت کا دوسراواقعہ ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، جاں بحق افراد میں پانچ مرد اور سات خواتین شامل ہیں۔

فوری طور پر کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، عراق میں دو ہزارآٹھ سے تشدد کی لہر جاری ہے تاہم حالیہ چند مہینوں کے دوران تیزی آ گئی ہے۔