ہوم بلاگ صفحہ 26397

مشرف کو سزا دینے سے جمہور کی حکمرانی کا خواب شرمندہِ تعبیر ہوگا ؟

0

تحریر: سید فواد رضا

جذباتی مزاج کی حامل پاکستانی قوم جو کہ جمہوریت کی سب سے بڑی دعویدار ہے آج کل اپنی تاریخ کے اہم ترین موڑ سے گزر رہی ہےاور یہ ایک ایسا موقع ہے کہ جب اس قوم نے ایک عہد ساز فیصلہ کر کے اپنے مستقبل کی سمت کا تعین کرنا ہے اور یہ فیصلہ ہے سابق صدر مملکت جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے مستقبل کا، انکے خلاف ایک خصوصی عدالت کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے اور اس عدالت نے سابق صدر پر فرد ِ جرم عائد کرنے کے لئے انکے عدالت میں طلب کر رکھا تھا اور انتہائی سخت الفاظ میں فیصلہ سنا چکی تھی کہ اگر آج وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے تو انکی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردئے جائیں گے لیکن ہوا کچھ یوں کہ پرویز مشرف  چک شہزاد میں واقع اپنے فارم ہاوٗس سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں عدالت کے لئے روانہ تو ہوئے لیکن پہنچ گئے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی۔

یہ خبر نشر ہونا تھی کہ سرد موسم میں اسلام آباد کا سیاسی ماحول یکدم گرم ہوگیا انکے حامی اور مخالف دونوں ہی میدان میں اتر آئے اور ان میں سب سے زیادہ متحرک نظرآئے بلاول بھٹو جنہوں نے ٹویٹر پر پیغامات کی بھرمار کردی یہ تک کہہ دیا کہ نجانے بزدل مشرف نے بہادر فوج کی وردی کیسے پہنی ہوگی؟  اسکے بعد پیپلز پارٹی کے قمرالزمان کائرہ اس بیان کی تردید کرتے نطر آئے۔

کور کمانڈرز کی میٹنگ بھی ہوئی  اورحجاز ِمقدس کے وزیرِ خارجہ سعود الفیصل بھی پاکستان تشریف لا رہے ہیں تو گویا افواہوں کا ایک طوفان گرم ہوگیا ہر کوئی اپنی ذہنی استعطاعت کی مطابق قیاس آرائیاں کرنے لگا کہ یہ ہونے والا ہے اور وہ ہونے والا ہے ، سونے پر سہاگہ ایک اور خبر سنی کہ صہبا مشرف پہلی دستیاب پرواز سے لندن روانہ ہوجائیں گی اس خبر نے تو گویا پچھلی تمام خبروں پر تصدیق کی مہر ثبت کردی اور پرویز مشرف کے مخالفین یہ سمجھنے لگے کہ اب تو بس مشرف گئے ہاتھ سے لیکن پھر ایک اور بیان آیا چوہدری شجاعت حسین کا جس میں انہوں نے کہا کہ انکی ڈاکٹر کیانی سے بات ہوئی ہے اور انکے مطابق پرویز مشرف کو علاج کے لئے بیرون ِ ملک جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

   لیجئے جی ! بات وہیں پر آگئی جہاں سے شروع ہوئی تھی اب مشرف باہر جائیں گے یا نہیں؟ انکو سزا ہوگی یا نہیں ؟ یہ دونوں سوال ابھی بھی اپنی جگہ قائم ہیں اور انکا جواب تو بس آنے والا وقت ہی دے سکتا ہے یا وہ مقتدر افراد کے جنکے ہاتھوں میں اس ملک کے عوام کی تقدیر یک جنبش ِ قلم سے بدل دینے کا اختیار ہے لیکن میرا آج کا موضوع پرویز مشرف نہیں بلکہ آمریت ہے وہ آمریت جسکے خلاف آج اس ملک کا ہر طبقہ فکر صف بندی کئے ہوئے ہے  اور ان سرفروشان ِ جمہوریت کا پورا زور صرف اس بات پر صرف ہورہا ہے کہ  اب کوئی طالع آزما اقتدار پر قابض نا ہوپائے۔

لیکن سوال تو یہ ہے کہ کیا ہم نے اس ملک کی تقدیر حقیقتاً جمہوری  نمائندوں کو سونپ دی ہے ؟

تاریخ کا طالب علم ہونے کی حیثیت سے جمہوریت کی جو سب سے بہترین تشریح میری نظر سے گزری وہ کچھ اس طرح ہے کہ عوام کی عوام پر عوام کے لیے عوام کی جانب سے دیئے گئے اختیار کو جمہوریت کہتے ہیں، لیکن ہمارے ملک کا منظر نامہ کچھ اسطرح ہے کہ نا تو عوام کی حکمرانی ہے اور نا ہی عوام کی حالتِ زار کے لئےکوئی بہتری کی امید، چند گنے چنے چہرے ہیں جو بار بار ایوانِ اقتدارپر براجمان ہیں اور اب کیونکہ وہ چہرے بزرگی کی جانب مائل ہیں تو انہوں نے اپنے سیاسی گدی نشین بھی میدان میں اتار دیئے ہیں جو کہ مستقبل میں اس قوم کی قیادت کا اہم ترین فریضہ انجام دیں گے۔

 ہر پانچ سال بعد الیکشن ہونگے یکے بعد دیگرے پارٹیاں اپنی باری لیں گی اور نظام چلتا رہے گا لیکن کب تک؟ اس وقت تک جب تک ایک عام سیاسی کارکن جو کہ ہر جلسے میں سب سے آگے نعرے بازی کرتا ہے اپنے لیڈر کے لئے جذباتی سیاسی بحثیں کرتا ہے بم دھماکوں اور گولیوں کی بوچھار میں سینہ سپر رہتا ہے لیکن یہ بات نہیں سمجھ پاتا کہ اگر اسکے قائد کا جواں سال بیٹا یا بیٹی وزارت کا امیدوار ہوسکتا ہے تو وہ خود کیوں امیدوار نہیں ہوسکتا۔

کیا ایم این اے ، ایم پی اے کی کرسیاں صرف مخصوص خاندانوں کے لے ہی مخصوص رہیں گی ایک عام سیاسی کارکن کیوں ان کرسیوں پر بیٹھ کر ملک و قوم کی قسمت کا فیصلہ کرسکتا ؟ پرویزمشرف اگرآئین و قانون کے مجرم ہیں تو انکو سزا ضرور دینی چائیے لیکن اس سے پہلے ہمیں ایک تلخ فیصلہ کرنا پڑے گا اور وہ یہ کہ صرف فوجی آمر کو سزا نہیں دینی بلکہ ہر وہ شخص سزا کا سزاوار ہے جو جمہوریت کا لبادہ اوڑھے جمہور کے حقوق پر شب خون مارتا آیا ہے اور یقین کیجئے کہ عوام کے حق میں یہ تاریخ ساز فیصلہ ان افراد میں سے کوئی بھی نہیں کرے گا جنکے ہاتھ میں اس وقت کی قوم کی تقدیر ہے ، عوام کو اپنی تقدیر کا یہ تاریخ ساز فیصلہ خود ہی کرنے ہوگا ورنہ تاریخ اس قوم کے بارے میں جو فیصلہ کرے گی اسے بیان کرنے کی قلم میں تاب نہیں۔

وطن کی فکر کر ناداں مصیبت آنے والی ہے
تری بربادیوں  کے مشورے ہیں آسمانوں میں

 

پرویز مشرف کے وکلاء کوہراساں کرناقابل مذمت ہے، ایم کیو ایم

0

ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹرنصرت، رابطہ کمیٹی کے ارکان رشیدگوڈیل اور کنور خالد یونس نے کہا ہے سابق صدر پرویز مشرف کے و کلاء کو دھمکیاں دیا جانا قابل مذمت ہے

ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرڈاکٹرنصرت، رابطہ کمیٹی کے ارکان رشیدگوڈیل اور کنور خالد یونس نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے ۔

پرویز مشرف کے وکلاء کوہراساں کرناانتہائی غیرمہذب عمل ہے بلکہ عدالتی وقار اور اقدارکے منافی بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا مقدمے کی کاروائی میرٹ پر ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے جانے چاہئیں۔
   

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں سالانہ روز پریڈ روایتی جوش وخروش سے منائی گئی

0

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں سالانہ روز پریڈ روایتی جوش وخروش سے منائی گئی، نئے سال کی رنگینیوں میں اضافہ کرنے والی پریڈ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کر کے چار چاند لگا دئیے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک سو پچسیویں سالانہ روز پریڈ کا رنگا رنگ انعقاد کیاگیا جسمیں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ نئے سال کی رخوشیوں میں اضافہ کرنے والی سالانہ روز پریڈ میں ہزاروں ٹن رنگا رنگ پھولوں اور پتیوں کا استعمال کیاگیا، پریڈ میں نایاب پھولوں سے مختلف اشکال کی چیزیں بناکر دیوہیکل فلوٹس تیار کئے گئے۔

فلوٹس میں بیٹھی حسیناوں نے سب کے دل موہ لئے، پھولوں سے بنے دل فریب مجسمے اور جانور بھی پریڈ کا حصہ بنے اس پریڈ کا مقصد سال نو کا استقبال اور صحت مند سرگرمیوں میں شہریوں کو شامل کرنا ہے، اس سالانہ پریڈ کاانعقاد اٹھارہ سو نوے سے کیاجارہا ہے۔
   

اے آروائی کیوٹی وی پیش کررہا ہے ماہ ربیع الاول میں بارہ روزہ خصوصی ٹرانسمیشن

0

اے آروائی کیوٹی وی پیش کررہا ہے ماہ ربیع الاول میں بارہ روزہ خصوصی ٹرانسمیشن جس میں ناظرین دیکھ سکیں گے یکم تا بارہ ربیع الاول تک خصوصی پروگرامزاقبال اورعشق رسول، معجزات رسول، ازواج مطہرات، بزم سیرت، معلم کائنات، مرحبا یا مصطفیٰ، مدحت مصطفیٰ، محمد ہمارے، بیان ڈاکٹرطاہرالقادری، روشنی سب کیلئے، محفل سماع و محفل نعت اوراس کےعلاوہ اپنی پسندیدہ نعتیں، درود وسلام، خصوصی دستاویزی پروگرامزاوربہت کچھ صرف اے آر وائی کیو ٹی وی پر۔ 

سی این جی اسٹیشن اور ٹرانسپورٹ 5 جنوری سے بند کرنے کا اعلان

0

کراچی میں سی این جی کی فراہمی کی بدترین صورتحال پر ٹرانسپورٹ برادری نے پانچ جنوری سے غیر معینہ مدت کی ہڑتا ل کا اعلان کر دیا ہے۔

سی این جی ایسوسی ایشن کے چیرمین شبیر سلمان کے مطابق پانچ جنوری سے تمام سی این جی اسٹیشن بند کر دئے جائیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ اتحاد کے سربراہ ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ سی این جی ملے بغیر گاڑیاں چلانا ناممکن ہے ، اس لئے پانچ جنوری سے تمام گاڑیاں کھڑی کر دی جائیں گی۔

آخری مجرم کی گرفتاری تک کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا، شرجیل میمن

0

وزیراطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ آخری مجرم کی گرفتاری تک کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا، بہاء الدین بابر کو کراچی پولیس کے ایک بہادر افسر کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وہ بہاء الدین بابر کے اہلخانہ سےتعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کرتہے تھے۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے پولیس افسر بہائ لدین بابر کے بہیمانہ قتل پر ورثائ سے تعزیت کیلئے جب ان کی رہائشگاہ پر پہنچے تو ان کے ہمراہ آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ،ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات سمیت اعلی افسران بھی موجود تھے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں موجود فورسز جرائم پیشہ افراد سے لڑ رہی ہے جسکے ردعمل میں پولیس کو نشانہ بنایا جارہا ہے مگر پولیس اور رینجرز کا مورال بلند ہے دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے، آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائنگے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے کہا کہ بہائ الدین بابر کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے دہشتگردوں کو بھر پور جواب دینگے، پولیس حکام نے کہا کہ رواں سال میٹرول سائٹ میں تیس سے زائد پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے کالعدم تنظیم کے ایک گروہ متعدد ملزمان پولیس مقابلوں میں مارے جاچکے ہیں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث گروپوں کیخلاف مزید کاروائیاں عمل میں لائی جائی گی۔
   

پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے

0

پاکستان میں ربیع الاول کا چاند نظر آگیا ہے،  یکم ربیع الاول تین جنوری اور بارہ ربیع الاول چودہ جنوری کو ہو گی۔

رویت ہلال کمیٹی کے مطابق چاند نظر آنے کے بعد بارہ ربیع الاول چودہ جنوری دو ہزار چودہ کو ہو گی ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے ساتھ ہی کراچی سمیت سندھ بھر کی بیشتر مساجد کو برقی قمقموں سے سجانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

محمکہ تعلیم حکومت سندھ کی جانب سے آٹھ ربیع الاول سے بارہ ربیع الاول تک مقابلہ نعت خونی کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ جامعہ کراچی سمیت سندھ کی تمام جامعات میں سیرت نبوی کے حوالے سے خصوصی پروگرامات منعقد کیئے جائیں گے۔ 

خواجہ محمد آصف کی وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات

0

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سابق صدر پر ویز مشرف کو بیرون ملک بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ، خواجہ محمد آصف کی وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی اورانہیں بجلی کی صورتحال پر بریفنگ دی ملاقات میں پرویز مشرف کیس بھی زیر غور آیا، پرویز مشرف کی علالت پرتبصرہ کرتے ہوئے ۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق صدر پر ویز مشرف کو بیرون ملک بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، مشرف کی طبیعت خراب ہے توان کے وکلاء میڈیکل سر ٹیفکیٹ عدالت میں پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پرویز مشرف کے معاملے پر مکمل علم میں ہے،سابق صدر کا معاملہ عدالت میں ہے عدالت جو فیصلہ کرے گی حکومت اس پر عمل کرے گی، ہوسکتاہے عدالت مشرف کوریلیف دیدے تاہم حکومت نے ایساکوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ نے آج بھی ریکارڈ بنا دیا

0

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں نئے ریکارڈ بننے کا سلسلہ جاری ہے، جمعرات کو دوسرے روز بھی نمایاں تیزی کے نتیجے میں مارکیٹ نے تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہچنے کا ریکارڈ بنایا، مارکیٹ کے ایک دن میں تین نفسیاتی حدیں عبورکرجانے پرسرمایہ کار کافی خوش نظر آئے، ملکی وغیرملکی سرمایہ کاروں کے بازار حصص میں سرگرم ہوجانے کے باعث مارکیٹ کے کاروباری حجم میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

ریڈی مارکیٹ میں 12 ارب 34 کروڑ روپے مالیت کے 38 کروڑ 72 لاکھ شئیرز کے سودے ہوئے،  بینکنگ،،آئل اینڈ گیس،،سیمنٹ اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی کمپنیوں کے شئیرز سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز رہے، مارکیٹ کا بینچ مارک ہنڈریڈ انڈیکس 353 پوائنٹس بڑھکر 25962 پوائنٹس کی نئی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔
    

   

فی تولہ سونے کی قیمت چھے سو روپے بڑھکر پچاس ہزار روپے ہوگئی

0

سونا مزید سستا ہونے کا انتظار کرنے والوں کیلئے بُری خبر ہے، ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت چھے سو روپے بڑھکر پچاس ہزار روپے ہوگئی۔

سونے کی قیمتیں کئی روز سے مسلسل بڑھ رہی ہیں تاہم جمعرات کو فی تولہ سونے کی قیمت نے چھے سو روپے اضافے کی لمبی چھلانگ لگائی، جس سے ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت پچاس ہزار روپے ہوگئی۔

اسی طرح دس گرام سونےکےبھاؤ 515 روپے بڑھکر 42857 روپے ہوگئے، گذشتہ دو ہفتوں کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت 2200 روپے بڑھ چکی ہے جس کی وجہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتیں بڑھنا بتائی جاتی ہے، جہاں فی اُونس سونے کے ریٹ 15 ڈالر بڑھکر 1221 ڈالر ہوگئے۔