جمعرات, جولائی 4, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27087

امریکا، یورپ میں برفباری اور بارشیں،کرسمس کی رونقیں ماند

0

امریکہ اور یورپ میں برفانی طوفان اور تیز بارشوں نے کرسمس کی خوشیوں کو ماند کردیا، مختلف واقعات میں پندرہ ہلاک اور ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہوگئے۔

امریکا، برطانیہ اور فرانس میں برف کے طوفان اور بارشوں نے کرسمس کی خوشیاں ماند کر دیں، لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں جب کہ مختلف حادثات میں پندرہ افراد ہلاک بھی ہوگئے، شدید برفباری نے ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

امریکا میں برفباری کے باعث تین لاکھ ستر ہزار گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، سات ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، برطانیہ میں نوے میل فی گھنٹا کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث متعدد گھروں کو نقصان پہنچا اور ڈیڑھ لاکھ افراد کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

 کینیڈا میں بھی برف کے طوفان کے باعث گھروں کی بجلی معطل رہی، فرانس اور برطانیہ میں موسلادھار بارشوں کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کرسمس منانے کے لیے ٹرین اور فضائی سروس استعمال کرنے والے ہزاروں مسافر سخت پریشانی کا شکار ہیں۔

ٹرینوں اورجہازوں کی آمدورفت تاخیر کا شکار ہے، فرانس میں بھی طوفان کے باعث درخت جڑ سے اکھڑ گئے، بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور سڑکیں زیر آب آگئیں، برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے بھی مزید برف باری اور بارشیں متوقع ہیں۔

دنیا بھر میں کرسمس کی تقریبات جاری

0

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد آج کرسمس منا رہے ہیں،کرسمس کی تقریبات کا آغاز خصوصی دعائیہ تقریبات سے کیا گیا۔

دنیا بھر میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے دو ارب سے زائد افراد کرسمس تقریبات روایتی جوش و جذبےسے منا رہے ہیں، روم میں واقع عیسائت کے مرکز ویٹکن سٹی کے سینٹ پیٹرز چرچ میں خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں عالمی عیسائی پیشوا پوپ فرانسس نے شرکت کی اور خصوصی دعا کرائی، جسمیں لوگوں کو خود غرضی اور غرور سے بچنے اور کھلے دل کے ساتھ دل جیتنے کی تلقین کی، سینٹ پیٹرز چرچ میں دس ہزار سے زائد افراد نے خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔

یورپ میں شدید سردی کے باوجود مختلف ممالک میں شہروں کو نہایت خوبصورتی سے برقی قمقموں اور کرسمس ٹری سے سجایا گیا، یورپ بھر میں خصوصی دعائیں اور تحائف تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، امریکا میں بھی کرسمس کے موقع پر پورے ملک کو انگ برنگہ لائٹوں سے سجا گیا، اس موقع پر کرسمس بازاروں میں خصوسی ڈسکاونٹ بھی دیا جارہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کرسمس کے موقع پر ضروری اشیاء سستے داموں میں مل جاتی ہیں، شام میں جاری کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی دعائیں کی گئیں، جس میں امن سے رہنے کا پیغام دیا گیا، عراق میں رہنے والے مسیحی بھی کرسمس کا تہوار جوش و خروش کیساتھ منارہے ہیں۔

اس موقع پر لوگ ایک دوسرے کیساتھ خوشیاں اور تحائف بانٹنے میں مصروف ہیں، افغانستان مٰیں نیٹو اور اتحادی افواج کے اہل کاروں نے کرسمس مناتے ہوئے کہا کہ وہ اس خوشی کے موقع پر اپنے گھروں سے دور ہیں اور اپنے عزیز و اقاریب کو بہت یاد کررہے ہیں۔
        ا

کراچی:بجلی کے بعد گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ

0

کراچی میں بجلی کے بعد گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے بھی شہریوں کے مسائل میں اضافہ کردیا ہے جبکہ خواتین کا گھروں میں کھانا پکانا محال ہوگیا ہے۔

لیاری سمیت کراچی کے بعض علاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا، صدر اولڈ سٹی ایریا لیاری، ڈی ایچ اے فیز پانچ گرومندر، جہانگیر روڈ، پی ای سی ایچ ایس، لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹاوُن، ناظم آباد سمیت کئی علاقوں میں گھروں میں گیس دستیاب ہی نہیں۔

بیشترعلاقوں میں صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے خواتین کو کھانا پکانے کے سلسلے میں مشکلات کاسامنا ہے، گیس صارفین لوڈشیڈنگ کے باعث ہوٹلوں سے کھانا منگوانے پر مجبور ہیں۔

جب کہ صبح کے اوقات میں ہوٹلوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث آڈرز پورے کرنے میں دشواری ہوتی ہے، دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی البتہ سردی کی وجہ سے گیس کا پریشر کم ہے، جسے بہتر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

بانی پاکستان یومِ پیدائش: گورنر اور وزیراعلی سندھ کی مزار پرحاضری

0

قائداعظم کے یوم پیدائش پر گورنرعشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور اراکین صوبائی کابینہ نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مزار پر حاضری دی پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرعشرت العباد کا کہنا تھا کہ ۔۔۔ جس جدو جہد اور قائد اصولوں کے مطابق پاکستان حاصل کیا گیا اسے اسی طرح چلایا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پاکستان قائداعظم اور مسلمانان برصغیر کی تاریخی جدوجہد کا ثمر ہے، بلدیاتی قانون کا معاملہ عدالت میں ہے جو فیصلہ آئے گا قبول کریں گے، وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ادارے مضبوط ہو رہے ہیں،ملکر عوام کی خدمت کریں گے۔
       

قائد اعظم کی تعلیمات مشکل حالات سے نکال سکتی ہیں، الطاف حسین

0

الطاف حسین نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے افکار اور تعلیمات پر اصل روح کے مطابق عمل پیرا ہوئے بغیر ملک و قوم کو دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے نجات نہیں دلائی جاسکتی ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد نے ایک بیان میں کہا کہ ملک پر قابض دو فیصد مراعات یافتہ طبقے نے آج بھی قائد اعظم کے تصورات ، افکار اور تعلیمات سے دوری اختیار کر رکھی ہے، ان کا کہنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح پاکستان کو روشن خیال، اعتدال پسند اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے۔
    

 

کراچی:فلیٹ میں آتشزدگی،بچی سمیت 3افراد جھلس گئے

0

کراچی کےعلاقے لائنزایریا کے فلیٹ میں آتشزدگی کے بعد سلنڈر پھٹ جانے سے بچی سمیت تین افراد جھلس گئے۔

پولیس کے مطابق لائنز ایریا بلاک آئی میں واقع رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر فلیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آتشزدگی کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔

تاہم آگ لگنے کی وجہ سے گھر کے کچن میں موجود سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹا، جس کی آواز سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، واقعے میں میاں بیوی اور ایک بچی زخمی ہوئے، جنہیں امدادی رضاکاروں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔

اطلاع پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے پہنچ کر دوگھنٹے جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا، واقعے میں گھریلو استعمال کی متعدد اشیاء جل کر خاکستر ہوگئیں۔
       

عمران خیبر پختونخوا ٹھیک کریں،پھرسندھ اور پنجاب جائیں،خورشید شاہ

0

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے خیبر پختونخوا کو ٹھیک کریں، پھر سندھ اور پنجاب جائیں۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کا کہنا تھا کہ لڑائیوں سے چیزیں ٹھیک نہیں ہوں گی، انھیں احساس ذمہ داری ہے، حکومت کو وقت دینا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چوہدری نثار بادشاہ آدمی ہیں، اُنھیں پارلیمنٹ کے آدھے پیسے واپس کرنے چاہئیں، انھوں نے کہا کہ فضل الرحمن کا دھرنے کا اعلان انتہائی غلط ہے، مسئلے کا حل پارلیمنٹ ہے، شور شرابا کرنے سے بہتر فورم پارلیمنٹ ہے۔

سکھر بیراج سے متعلق سوال پرخورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جن ماہرین نے سکھربیراج کی عمر زیادہ بتائی ہے اگر سندھ کو کچھ ہوگیا تو ذمے دار وہ ہی ہونگے۔
       

نوشہرہ:پولیس اور کالعدم تنظیم کے ارکان میں مقابلہ،2ملزم گرفتار

0

ضلع نوشہرہ کے علاقہ اکبر پورہ میں پولیس اور کالعدم تنظیم کے ارکان کے ساتھ مقابلے کے بعد دو ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ باقی افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ملزموں کے قبضے سے خطرناک اسلحہ اور 3گرنیڈ بھی قبضے میں لے لیے گئے، دونوں گرفتار افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم کے ارکان علاقے میں کسی بڑی واردات کیلئے موجود تھے، فرار ہونے والے افراد کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

لاہور:موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم 2افراد جاں بحق

0

لاہور ميں موٹرسائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتيجہ ميں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

پوليس کے مطابق لاہور میں رائے ونڈ روڈ ارئياں اسٹاپ کے قريب لاہور کی طرف آتے ہوئے ايک موٹرسائيکل پر سوار دو افراد ايک سڑک کنارے کھڑي ٹريکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے۔

عينی شاہدين کے مطابق موٹرسائيکل سوار دونوں افراد ٹرالی سے ٹکرانے کے بعد بری طرح زخمی ہوئے، جنکے سر پر گہري چوٹ لگی تھی، ریسکیو 1122 کی گاڑی دیر سے پہنچنے تک دونوں افراد نعیم مسیح اور دانش مسیح جاں بحق ہوگئے، پوليس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالی کو قبضہ ميں لے ليا۔
       

چوتھا ون ڈے:پاکستان اور سری لنکا آج ابوظہبی میں مدمقابل

0

پاکستان شاہین ایک مرتبہ پھر آج لنکا ڈھانے کے لئے میدان میں اتریں گے، لیکن اس بار ان کا مقابلہ شارجہ میں نہیں بلکہ ابوظہبی میں ہوگا۔

پاکستان نے شارجہ میں لنکا ڈھائی اور سیریز میں دو ایک کی برتری پائی، اب ابوظہبی میں پنجہ آزمائی ہوگی، پاکستانی ٹیم سیریز کو ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں ہی فیصلہ کن بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ عمر گل کی واپسی سے پاکستان کی بولنگ لائن مضبوط ہوئی ہے۔

ادھر کافی عرصے سے نہ چلنے والی بیٹنگ لائن بھی کلک کرچکی ہے، محمد حفیظ کے بلے نے رنز اگلنا شروع کردیئے ہیں، چوتھے میچ کے لئے قومی ٹیم میں کسی بھی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز کا کہنا ہے کہ سیریز میں کم بیک کے لئے کھلاڑیوں کو غیر معمولی کارکردگی دکھانا ہوگی، پاکستان اور سری لنکا دو سال بعد ابوظہبی میں آمنے سامنے ہوں گے، اس سے قبل دونوں ٹیمیں نومبر دوہزار گیارہ میں مدمقابل آئیں تھیں، جس میں پاکستان تین وکٹوں سے کامیاب رہا۔