اتوار, نومبر 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 28502

بنگلہ دیش کوماضی بھول کر آگے بڑھنا چاہیے، دفترخارجہ

0

دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کو ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہیئے، عراق میں ہونے والے بس حملے میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ امید ہے بنگلہ دیش انیس سو چوہترکے معاہدے کے تحت مفاہمت کی پالیسی اپنائے گا، پاکستان کی پارلیمنٹ میں ایک خود مختار ادارہ ہے، پارلیمنٹ میں بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے لیڈر کو پھانسی دیئے جانے کی مذمتی قرارداد یہ جذبہ ظاہر کرتا ہے کہ بنگلہ دیش کو ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہیے۔

پاکستان کی امداد کو نیٹو سپلائی سے مشروط کرنے پر میڈیا کی رپورٹ سے متعلق ترجمان نے کہا کہ امریکا نے اس بارے میں آگاہ نہیں کیا، پاکستان کسی قسم کی شرائط قبول نہیں کرے گا، پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کی نیت پر شک نہیں کیا جانا چاہیے، ترجمان نے کہا کہ عراق میں ہونے والے بس حملے میں کوئی پاکستانی ہلاک نہیں ہوا۔

ترجمان کا کہنا تھا پاک بھارت ڈی جی ایم اوز 24 دسمبر کو ملاقات کرینگے، پاکستان نے تجویز دی تھی کہ ملاقات میں دفتر خارجہ کے حکام بھی شامل ہوں لیکن انہوں نے یہ تجویز نہیں مانی۔
       

خشک میوہ جات کی درآمد میں40 فیصداضافہ

0

رواں مالی سال 2013-14ء میں ماہ اکتوبر 2013 کے دوران ماہ ستمبر 2013 ء کے مقابلہ میں خشک میوہ جات کی درآمد میں40 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ، ادارہ برائے شماریات کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2013ء کے دوران خشک میوہ جات کی درآمد 5 ملین ڈالر تھیں جو اکتوبر 2013 ء کے دوران بڑھ کر 7 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں.

اس طرح اکتوبر کے دوران درآمدات میں 40 فیصد کا اضافہ ہو، اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں ہونے والی کمی کے باعث خشک میوہ جات کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ شدید سردی کے موسم میں خشک میوہ جات کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوجاتا ہے اور مقامی طلب کو پورا کرنے کیلئے درآمدات کی گئی ہیں۔

زرعی قرضوں کی فراہمی میں 14.4 فیصد اضافہ

0

مالی سال 2012-13ء کے دوران مختلف بینکوں کی طرف سے زرعی قرضوں کی فراہمی میں 14.4 فیصد اضافہ ہوا ہے ، مالی سال 2012-13ء کے دوران مختلف بینکوں نے 336.2 ارب روپے زرعی قرضے فراہم کئے جبکہ مذکورہ عرصہ کے دوران مقررہ ہدف 315 ارب روپے تھا۔

سٹیٹ بینک نے مالی سال 2012-13ء کے دوران زرعی قرضوں کی فراہمی کیلئے 315 ارب روپے مختص کئے تھے جبکہ مقررہ ہدف سے 10.5 فیصد زائد قرضے فراہم کئے گئے۔

مذکورہ بالا عرصہ کے دوران 153.5 ارب روپے پانچ بڑے بینکوں کے ذریعہ 72 ارب روپے زرعی ترقیاتی بینک کے ذریعہ 66.7 ارب روپے نجی بینکوں کے ذریعہ 13.8 ارب روپے مائیکروفنانس بینکوں کے ذریعہ جبکہ 9 ارب روپے پنجاب پرونشل کارپوریشن بینک کے ذریعہ تقسیم کئے گئے۔

سب سے زیادہ زرعی قرضے صوبہ پنجاب میں فراہم کئے گئے جبکہ دیگر صوبوں میں مقررہ اہداف کے مطابق زرعی قرضوں کی فراہمی کی گئی تاکہ زرعی شعبہ کی ترقی کی رفتار تیز کی جا سکے۔

 

لا پتا افراد کا معاملہ،وزارت داخلہ کا سینیٹ میں تحریری جواب جمع

0

وزارت داخلہ کی جانب سے سینیٹ میں لاپتا افراد کیسز کے حوالے سے تحریری جواب جمع کرا دیا گیا ہے، وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں لاپتہ افراد کیسز کی تعداد چودہ سو اٹھائیس ہے۔

لاپتہ افراد سے متعلق وزارت داخلہ سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق ملک میں لاپتہ افراد کیسز کی تعداد چودہ سو اٹھائیس ہے، سپریم کورٹ میں ان کیسز کی تعداد تین سو چار ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کیسز کی تعداد چودہ ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں ان کیسز کی تعداد ایک سو چوہتر ہے، وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں ایک سو ایک لاپتہ افراد کے کیسز ہیں جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ میں کیسز کی تعداد بائیس ہے۔

وزارت داخلہ کے تحریری جواب کے مطابق انکوائری کمیشن میں لاپتہ افراد کی تعداد آٹھ سو تیرہ ہے، خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں، جن کی تعداد تین سو انسٹھ ہے، سندھ میں لاپتا افراد کی تعداد ایک سو انہتر ہے جبکہ پنجاب میں ایک سو پینسٹھ افراد لاپتہ ہیں۔

انکوائری کمیشن کے مطابق اسلام آباد سے سترہ افراد لاپتہ ہیں میں کے بلوچستان میں لاپتہ افراد کی تعداد اکہتر ہے جبکہ فاٹا اکیس اور آزاد کشمیر میں دس افراد لاپتہ ہیں گلگت بلتستان میں بھی لاپتہ افراد کا ایک کیس ہے، وزارت داخلہ کے مطابق دو ہزارایک سے اب تک اسلام آباد سے بارہ مسخ شدہ لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔

نومبر 2013: پٹرول کی فروخت اور درآمدات ریکارڈ سطح پر

0

نومبر دوہزار تیرہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی ریکارڈ فروخت کے باعث درآمدات کا حجم دو لاکھ تینتیس ہزار ٹن سے زائد رہا ۔

آئل کمپنیز ایڈوائزری کمیٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نومبر دوہزار تیرہ میں پٹرول کی درآمدات کا حجم دو لاکھ تینئس ہزار ٹن سے زائد رہی جو کہ اکتوبر دوہزار سات سے اب تک کی بلند ترین سطح ہے ۔

آئل سیکٹرماہرین کے مطابق اسی این جی کی بند کے باعث پیٹرول کی کھپت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہاتو ملک کی ریفائنریز کے تمام پیداوار صرف ٹو ویلرز ہی استعمال کر لیں گے اور پاکستان کی پٹرول کی درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

راچی:گڈاپ سےسنگین جرائم میں ملوث2ملزم گرفتار

0

کراچی کے علاقے گارڈن اور گڈاپ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاروائی کے دوران سنگین جرائم میں ملوث تین ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

کراچی میں جرائم کے خاتمے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاروائیاں جاری ہیں، گڈاپ کےعلاقے اللہ داد گوٹھ میں رینجرز نے چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران سنگین جرائم میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی گئی، دوسری جانب رات گئے پولیس نے گارڈن میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی پر چھاپا مارا، کاروائی کے دوران پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا تاہم ملزم کے دو ساتھی بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے، پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

0

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا، جس کے تحت کوئی منتخب نمائندہ یا سرکاری اہلکار الیکشن پر اثر انداز نہیں ہوسکتا ہے۔

پنجاب بھر میں تیس جنوری دو ہزار چودہ کو ہونے والے انتخابات کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے، جس کے تحت بلدیاتی انتخابات کی مہم کے دوران ترقیاتی منصوبوں کےاعلان پر پابندی ہوگی، اس کے علاوہ انتخابی حلقوں میں وزیراعظم، وزیراعلٰی کے علاوہ اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی، صوبائی، وفاقی وزرا کے دورے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے مختلف بلدیاتی امیدواروں کے لئے انتخابی مہم کے اخراجات کی حد بھی مقرر کردی ہے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدوارانتخابی مہم پر دو لاکھ روپے خرچ کرسکیں گے، یونین کونسل کے چیرمین اور وائس چیرمین انتخابی مہم پر ایک لاکھ روپے خرچ کرسکیں گے۔

ڈسٹرکٹ کونسل کے چیرمین اور وائس چیرمین کے امیدوار کی انتخابی مہم کے لئے پچاس ہزار روپے اخراجات کی حد مقرر کی گئی ہے، اس کے علاوہ یونین کونسل کے جنرل کونسلرز تیس ہزار روپے تک انتخابی مہم پر خرچ کرسکیں گے اور یونین کونسل، ڈسٹرکٹ کونسل، میونسپل کارپوریشن اورمیٹروپولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے امیدوار زیادہ سے زیادہ بیس ہزار روپے خرچ کرسکیں گے۔

ججزکیس :مشرف کی سیکیورٹی پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب

0

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ججز نظر بندی کیس میں وزارت داخلہ کو پرویز مشرف کی سکیورٹی سے متعلق مفصل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

ججز نظر بندی کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمٰن نے کی، دوران سماعت پرویز مشرف کی سکیورٹی کے حوالے سے رپورٹ جمع کروائی گئی۔

عدالت نے رپورٹ پر آئی جی اسلام آباد کے دستخط نہ ہونے پر رپورٹ دوبارہ جمع کروانے کی ہدایت کر دی جبکہ پرویز مشرف کے ضامن کو بھی طلب کرلیا۔

ضامن نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کو سکیورٹی دینا حکومت کا کام ہے، سیکیورٹی دے دی گئی تو پرویز مشرف عدالت میں پیش ہو جائیں گے، عدالت نے سکیورٹی کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ کو طلب کرلیا ہے۔

جس پر وزارت داخلہ کی جانب سے طارق لودھی پیش ہوئے اور استدعا کی کہ انھیں رپورٹ جمع کروانے کیلئے مہلت دی جائے، جس پرعدالت نے نو جنوری تک رپورٹ جمع کروانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

دہشت گردوں کیخلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی،خواجہ آصف

0

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز پر حملے برداشت نہیں، شمالی وزیرستان میں غیر ملکی دہشت گردوں کیخلاف کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز پر حملے برداشت نہیں کئے جائیں، وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے کئی اہلکار شہید ہوئے، حملوں میں غیر ملکی دہشت گردوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں ۔

وزیر دفاع نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کے خلاف جوابی کاروائی کا مکمل حق حاصل ہے اور اس حق سے دستبردار نہیں ہوں گے، ۔ انھوں نے کہا شمالی وزیرستان میں غیر ملکی شدت پسندوں کیخلاف کاروائی سکیورٹی فورسز پر حملوں کا نتیجہ ہے۔
       

پاکستان،افغانستان،بھارت کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں،نوازشریف

0

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان اور انڈیا کے پاس اچھا دوست بننے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے، پڑوسی تبدیل نہیں ہو سکتے ہم سب نے اکٹھے ہی رہنا ہے۔

ترک ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کے افغانستان سمیت پڑوسی ملکوں سے تعلقات پر کہا ہے کہ وہ اور حامد کرزئی اس بات پر متفق ہیں ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہوگی۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہمسائے تبدیل نہیں ہوسکتے، انھوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور بھارت کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ وہ اچھے دوست بن جائیں۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان افغانستان اور انڈیا تعلقات بہتر کریں اور ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دیں۔

نوازشریف نے کہا کہ افغان صدراس پر متفق ہیں کہ انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پاک افغان تعلقات معمول پر آنا اور دہشت گردوں کو مشترکہ دشمن تصور کیا جانے ضروری ہے۔