جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

وزیراعلیٰ کے پی کا بھارتی جارحیت کے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں کیلیے امدادی پیکیج کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعلیٰ کے پی نے بھارتی جارحیت میں صوبے کے شہید افراد کے لواحقین کو 50 پچاس لاکھ اور زخمیوں کو دس دس لاکھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بھارتی جارحیت میں کے پی میں شہید اور زخمیوں کے لیے امدادی پیکیج کا اعلان کیا گیا۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے شہدا کے لواحقین کو 50 پچاس لاکھ جب کہ زخمیوں کو 10 دس لاکھ روپے دینے کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ ممبران اور انتظامیہ کو شہدا اور زخمیوں کے گھروں میں جا کر امدادی پیکیج ادا کرنے کی ہدایت کی۔

علی امین گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا موثر جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین اور شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بھارت کے خلاف شاندار فتح پر مسلح افواج اور قوم مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے اجلاس سے خطاب میں کوہستان میں مبینہ مالی بے ضابطگی کیخلاف نیب کی کارروائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں نیب کو بھر پور سپورٹ فراہم کرے گی اور جو بھی دستاویز درکار ہوں گی فراہم کی جائیں گی۔ خوش آئند بات ہے کہ نیب نے اس کیس میں کچھ ریکوریاں بھی کی ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ جو لوگ اور ادارے ملوث ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ بدعنوانی کیس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی صوبائی حکومت خود کرے گی۔ متعلقہ کابینہ اراکین پریس کانفرنس کے ذریعے حقائق عوام کے سامنے رکھیں۔

اجلاس میں کے پی کابینہ کا بدعنوانی کے کیس کی حکومتی سطح پر تحقیقات کے لیے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی میں متعلقہ کابینہ اراکین اور ممبران اسمبلی شامل ہوں گے جب کہ کمیٹی کی سربراہی وزیراعلیٰ خود کریں گے۔

واضح رہے کہ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے گزشتہ روز بھارتی جارحیت کے خلاف معرکہ حق کے دوران شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کی تھیں۔

بھارتی مسلح افواج کے بلا اشتعال اور وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں 40 شہری شہید ہوئے تھے۔ ان میں 7 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 121 شہری زخمی ہوئے تھے۔

بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کے معرکہ حق کے تحت بھرپور جوابی کارروائی میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ بعد ازاں مزید دو زخمی جوان دوران علاج شہادت کے رتبے پر پہنچ گئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں