بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

بھارت سے جنگ بندی 18 مئی تک بڑھا دی گئی ہے، نائب وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جنگ بندی 18 مئی تک بڑھا دی گئی ہے اور اب بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ایوان کو بتایا ہے کہ 10 مئی کو سیز فائر کی بات 12 مئی تک ہوئی تھی۔ بعد میں یہ مدت بڑھا کر 14 مئی اور 18 مئی تک جنگ بندی کی مدت بڑھا دی گئی ہے۔ بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات ہوں گے۔ یہ مذاکرات کسی کی برتری تسلیم کرنے نہیں بلکہ برابری کی بنیاد پر ہوں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں امریکی صدر ٹرمپ نے بھی مسئلہ کشمیر کے حل کا لکھ دیا ہے جس کے بعد اب بھارت کی کشمیر ہڑپ کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اس بار دنیا میں بھارت کا بیانیہ نہیں بلکہ ہم نے عالمی برادری کو بتایا کہ بھارت کس طرح کا پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ بھارت سے معرکہ میں اللہ کے فضل سے ہمارے ایک بھی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا جب کہ بہادر پاک فضائیہ نے بھارت کے پانچ طیارے اور ایک یو اے وی مار گرایا۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ بھارت نے نیا ڈراما کرتے ہوئے 80 سے زائد ڈرونز پاکستان بھیجے انہیں بھی تباہ کر دیا گیا جب کہ پاکستان نے عالمی قوانین کے تحت اپنے دفاع میں بھارت کو فوری جواب دیے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے سکھوں کو پاکستان کے خلاف اکسانے کے لیے امرتسر پر بھی خود میزائل داغے تو برداشت سے باہر ہو گیا اور 9 مئی کو میٹنگ ہوئی جس میں پلان ترتیب دیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے کسی سے سیز فائر کی درخواست نہیں کی اور نہ ہی کسی نے ہم سے جنگ روکنے کی کہا۔ ہم نے جنگ میں پہل نہیں کی اور صرف بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا کیونکہ ملکی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف اقدامات کسی صورت قبول نہیں کرسکتے۔

نائب وزیر اعظم نے بتایا کہ 10مئی کو سوا دس بجے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا فون آیا۔ ہم نے امریکی وزیر خارجہ کو واضح کر دیا کہ اگر بھارت تیار ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔ بھارت جنگ روکے گا تب ہی ہم بھی روک دیں گے۔ پاکستان کے اس جواب پر امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ بھارتی ہم منصب جے شنکر کو اطلاع کر دیتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی ہم منصب کو بھی کہا تھا کہ جنگ ہم نے شروع نہیں کی۔ انہوں ںے بتایا کہ ان کی بھارتی ہم منصب سے بات ہو گئی ہے اور بھارت سیز فائر پر تیار ہے۔ ساڑھے چار بجے سیز فائر ہوا تو یہ گھنٹوں میں بھاگ گئے۔

معرکہ حق میں تاریخی فتح پر کل ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں