اتوار, مئی 4, 2025
اشتہار

نائب وزیر اعظم کا عالمی رہنماؤں سے رابطہ، خطے کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے یونانی اور سوئس وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی سکیورٹی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا۔

اسحاق ڈار نے یونان کے وزیر خارجہ جارج گیراپیٹرائٹس سے ٹیلیفون پر موجودہ علاقائی صورتحال بارے بات چیت کی، انہوں نے علاقائی امن اور سلامتی کیلیے خطرہ کا باعث بننے والے بھارت کے بے بنیاد الزامات، غلط معلومات کی مہم اور غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو ملتوی کرنے کے بھارت کے یکطرفہ فیصلے کی بھی شدید مذمت کی۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کا قطری وزیراعظم سے رابطہ، بھارت کی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کردیا

نائب وزیر اعظم نے علاقائی امن و استحکام کیلیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا پختہ طور پر تحفظ کیا۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے حقائق کو سامنے لانے کیلیے آزاد اور شفاف تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا، کشیدگی کو روکنے اور امن و استحکام کے تحفظ کیلیے تحمل کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے خاص طور پر کثیر الجہتی فورمز بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر علاقائی اور عالمی پیش رفت پر قریبی رابطوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

سوئس وزیر خارجہ سے رابطہ

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوئس فیڈرل کونسلر اور وزیر خارجہ اگنیزیو کیسسز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا انہیں علاقائی سلامتی کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بھارت کے حالیہ اشتعال انگیز اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات، اشتعال انگیز پراپیگنڈہ اور سندھ طاس معاہد ہ معطل کرنے کا یکطرفہ فیصلہ بین الاقوامی قانونی ذمہ داریوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اسحاق ڈار نے حقائق کو سامنے لانے کیلیے ایک آزاد اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کیلیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے حق کو محفوظ رکھتے ہوئے علاقائی امن اور سلامتی کے مفاد میں تحمل سے کام لینے کے پاکستان کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔

اگنیزیو کیسسز نے امن کے فروغ کیلیے پاکستان کے عزم کو سراہا اور غیر جانبدار تحقیقات کی پاکستانی تجویز کی توثیق کی۔

انہوں نے سوئٹزرلینڈ کی جانب سے تعاون کی پیشکش کی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے سہولت فراہم کرنے کے حوالہ سے مناسب طریقہ کار تلاش کرنے کیلیے اپنی آمادگی ظاہر کی۔دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں