ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

گجرات سے پنجاب تک ایئر فیلڈ تباہ کر دیں، بھارت کو پیغام ہے معاملہ یہاں سے لپیٹ لیں، خواجہ آصف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ گجرات سے پنجاب تک ایئر فیلڈ تباہ کر دی ہیں، بھارت کو پیغام ہے معاملہ یہاں سے لپیٹ لیں۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف نے آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص کے تحت کارروائیوں کے بارے میں بتایا کہ تیاری کر رکھی تھی گزشتہ رات جواب دیا اور کامیابی ملی، بھارتی کارروائیوں کے بعد ہمارے پاس جواب نہ دینے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کو ایسا جواب دیا کہ 3 سے 4 دن کا قرض پورا ہوگیا، اب اگر کوئی قرضہ چڑھانے کی کوشش کی تو اس کا بھی جواب دیں گے، بھارت نے پچھلے 4 سے 5 دن سے تماشہ لگایا ہوا تھا جس کا جواب تو دینا تھا، بھارت سے دوبارہ کوئی جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

خواجہ آصف نے کہا کہ پہلگام واقعے کی تحقیقات سے مودی انکاری ہے ہم نہیں، ہم نے امریکا کو کہا کہ بھارت سے کہیں وہ آپ سے ہی تحقیقات کروا لیں، مودی اگر تحقیقات سے بھی انکار کرتا ہے تو پھر دال میں کچھ کالا ہے، تحقیقات کی بات ہوتی ہے تو مودی پر خاموشی تاری ہو جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت معاملے کو طول دے گا تو دونوں کا نقصان ہوگا، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو بھارت کو ٹھوک کر جواب دیا۔

خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف نے تصدیق کی کہ پاک افواج کے تمام اثاثے محفوظ ہیں، بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلیے پاک نیوی کی بھی مکمل تیاری ہے، بھارتی جارحیت کے بعد ہم پر عوام کا دباؤ بڑھتا جا رہا تھا، بھارت کو جو چوٹیں لگی ہیں ان کی ٹکور شکور کر رہے ہوں گے۔

’پاکستان نے چینی ٹیکنالوجی کا لوہا منوایا ہے۔ بھارتی میڈیا نے غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے اپنے ملک کو نقصان پہنچایا۔ بھارتی میڈیا نے مودی کو سیڑھی پر چڑھایا، بھارتی جارحیت پر پاکستان کے جواب کا پوری دنیا کو پتا لگا ہے۔ بھارت کو پچھلے 6 گھنٹے میں بتا دیا ہم کیا کر سکتے ہیں، افواج پاکستان ملک کے چپے چپے کی حفاظت کریں گی۔‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں