جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

معرکہ حق میں تاریخی فتح پر کل ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق میں تاریخی فتح پر کل ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائے گا۔

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں 7 مئی کو رات کی تاریکی میں بھارت کے پاکستان پر بزدلانہ حملوں کا پاک فوج نے دن کی روشنی میں آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعہ منہ توڑ جواب دے کر جنگی جارحیت پر آمادہ بھارت کو چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے اور جنگ بندی کی پیشکش کرنے پر مجبور کر دیا۔

اس معرکہ حق میں تاریخی فتح پر 16 مئی (کل جمعۃ المبارک) ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائے گا جس میں پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

یوم تشکر پر دن کا آغاز ملک بھر میں مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی، جب کہ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

یوم تشکر پر وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔ ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقریب منعقد ہو گی۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں ہوں گی۔

یوم تشکر کی نمایاں تقریب کل رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں ہوگی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے جب کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

یوم تشکر کی اس نمایاں تقریب میں تمام مکاتب فِکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

’’آپریشن بُنْیَانٌ مَّرْصُوْصٌ‘‘، بھارت کے سینے پر تا قیامت دہکتا انگارہ رہے گا! آڈیو پوڈکاسٹ

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں