اتوار, مئی 4, 2025
اشتہار

پہلگام واقعہ، پاکستان کا خطےکی صورتحال پر سلامتی کونسل کو بریفنگ دینےکا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارتی جنگی جنون اور خطے کی صورتحال پر پاکستان نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ ماہ 22 اپریل کو پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کے غیر انسانی اقدامات اور جنگی جنون جاری ہے۔ مودی سرکار کے بڑھتے ہتھکنڈوں اور جنگی جنون سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کو سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

پاکستان سلامتی کونسل کو بھارت کے جارحانہ اقدامات سے آغاہ کرے گا اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو بھی اجاگر کرے گا۔

سلامتی کونسل میں پاکستان اراکین کو واضح کرے گا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

سفارتی اقدام پاکستان کی عالمی برادری کے سامنے درست حقائق پیش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن ڈرامے کے بعد بھارت میں مودی سرکار پاکستان اور مسلم دشمنی میں ہر حد پار کر رہی ہے۔

اس واقعہ کے فوری بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم کرنے کا غیر قانونی اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستانیوں کے لیے تمام ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں تین دن میں بھارت چھوڑنے کی مہلت دی اور اس میں علاج کے لیے گئے کئی پاکستانیوں کو بھی واپس بھیج دیا جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب ہندو انتہا پسند آر ایس ایس کی حامی مودی سرکار اس واقعہ کی آڑ میں بھارت میں ایک بار پھر ہندو مسلم فسادات کرانے کی سازش رچا رہی ہے جس کے لیے مسلم مخالف گانے ریلیز کیے جا رہے ہیں۔

مودی حکومت اپنی نا اہلی اور ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کے لیے اس کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کا ڈراما رچا رہی ہے تاہم دنیا اس واقعہ پر سوالات اٹھا کر خود بھارتی حکومت کے منفی پروپیگنڈےکو بے نقاب کر رہی ہے۔

پاکستان کی جانب سے بھی پہلگام واقعہ کے ثبوت مانگے گئے تاہم دو ہفتے گزر جانے کے باوجود اب تک بھارت کی جانب سے کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے جب کہ پاکستان نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے مذکورہ واقعہ پر غیر جانبدار اور شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔ پاکستان کے اس اقدام کو دنیا بھر کی جانب سے سراہا جا رہا ہے لیکن بھارت کو اس پیشکش پر سانپ سونگھ گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں