بھارت کی جانب سے جارحیت کے بعد گیلپ کے تازہ سروے میں 93 فیصد پاکستانیوں نے وطن کے دفاع کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کے بعد پاکستانی قوم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر قسم کی قربانی دینے کا عزم رکھتی ہے۔
پاک بھارت جنگی صورتحال پر گیلپ پاکستان کی جانب سے نیا سروے جاری کیا گیا ہے جس میں 93 فیصد پاکستانیوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس سروے میں بھارت سے کشیدگی اور مودی سرکاری کے جنگی جنون کے باوجود 72 فیصد پاکستانیوں نے امن کی بات کی اور جنگ کو نقصان دہ قرار دیتے ہوئے اس سے بچنے کا مشورہ دیا۔
گیلپ کے مطابق 27 فیصد پاکستانیوں نے جنگ کی حمایت کی اور بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دینے کا کہا۔
واضح رہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں 7 مئی کو پاکستان پر رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا۔ اس حملے میں 26 پاکستانی شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہدا اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
پاک فوج نے وطن عزیز کے دفاع میں فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور جدید ترین رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی طیارے اور کئی بھارتی فوج کی چیک پوسٹس تباہ کر دی تھیں۔
تاہم مودی کے جنگی جنون میں کمی نہ آئی اور اس کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسرے روز اسرائیلی ساختہ ڈرون بھیجے گئے جو پاکستانی فورسز نے کامیابی سے مار گرا کر بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
پاک فوج ایل او سی پر بھی دشمن پر حاوی، متعدد پوسٹیں تباہ، بھارتی فوج کو بھاری نقصان