وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رافیل طیاروں کے تکبر میں مبتلا بھارت کو بھرپور جواب دیا گیا کل رات ہندوستان کا ہوش ٹھکانے آ گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے رات کے تاریکی میں بزدلانہ حملے اور پاک فوجی کی فوری اور منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد آج قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے 5 دن پہلے بھارت نے رافیل طیارے خریدے اور اس پر ناز کرتا ہے لیکن کل رافیل طیاروں کے تکبر میں مبتلا بھارت کو بھرپور جواب دیا گیا۔ کل رات کو ہندوستان کا ہوش ٹھکانے آ گیا اور ہمارے دشمن کو رات بھر نیند بھی نہیں آئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں لمحہ بہ لمحہ خبریں مل رہی تھیں کہ بھارت کے کیا مذموم عزائم ہیں۔ کل رات بھارت نے پوری تیاری کیساتھ بزدلانہ حملہ کیا اور دشمن کے 80 جہازوں نے پاکستان میں آزاد کشمیر، بہاولپور، شکر گڑھ، سیالکوٹ کے علاقوں میں 6 جگہوں پر حملہ کیا، لیکن پاکستان کے عقاب بھی مکمل طور پر تیار تھے۔
شہباز شریف کہنا تھا کہ دشمن نے گزشتہ رات بھی ماضی کی طرح چھپ کر پاکستان پر حملے کی ناپاک کوشش کی، لیکن بہادر پاک افواج نے بھارت کے مکروہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا۔ افواج پاکستان نے تاریک رات کو چاندنی رات بنا دیا۔ ہمارے جہازوں نے پاکستان کی سرحدیں عبور نہیں کیں اور پاک فضائیہ کی مکمل تیاری اور بروقت کارروائی سے ہندوستان کے 5 طیارے مار گرائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس منہ توڑ جواب پر ایئر چیف کو ایوان اور عوام کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں۔ ایئر چیف اور ان کے عقابوں نے بھارت کے جہازوں کی کمونیکیشن لاک کی جس کے بعد بھارتی طیاروں کو سمجھ نہیں آئی اور وہ واپس پلٹے سرینگر میں جا کر اترے۔
شہبازشریف نے کہا کہ بھارت کے ناجائز قبضے میں 22 اپریل کو پہلگام میں افسوسناک واقعہ ہوا۔ ہم نے اس واقعہ کی عالمی سطح پر غیر جانبدار تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی اور کہا کہ شفاف تحقیقات سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا، لیکن بھارت نے کل تک ہماری اس پیشکش کو قبول نہیں کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کچھ دن قبل دہشتگردوں نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا۔ ٹرین ہائی جیک کرنے والوں کے تانے بانے بھی بھارت سے ملتے تھے۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی حملے میں شہید پاکستانیوں کی کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ ایوان میں ممبران نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے کے شہدا کا لاہور میں جنازہ ہے۔ اس میں صدر مملکت، آرمی چیف اور میں خود شریک ہوں گا۔
قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا