بھارتی جنگی جنون کے جواب میں پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح کی خوشی میں ایک پاکستانی نے اپنی نومولود بچی کا نام مرصوصا رکھ دیا۔
پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں مودی نے جنگی جارحیت کرتے ہوئے 7 مئی کو رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کرکے درجنوں معصوم شہریوں کو شہید کیا۔
پاک فوج نے دشمن کی اس بزدلانہ کارروائی کا جواب دن کی روشنی میں آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعہ دیا اور چند گھنٹوں میں بھارت کا فضائی دفاعی نظام تباہ کر کے ہندوستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
پوری پاکستانی قوم پاک فوج کی اس شاندار کامیابی پر نازاں اور اس کا بھرپور جشن اپنے اپنے طریقے سے منا رہے ہیں۔
سندھ کے شہر سجاول میں پی پی کے مقامی رہنما کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی تو انہوں نے پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی فتح کی خوشی میں اس کا نام ’’مرصوصا‘‘ رکھ دیا ہے۔
پی پی رہنما رب ڈنو جت کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعہ بھارت کو دن میں تارے دکھائے اور میں نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بیٹی کا نام مرصوصا رکھا ہے۔