ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

’’ہمارے لوگوں نے بھارتی ڈرونز کباڑ میں بیچے‘‘، وزیر تعلیم سندھ کا مودی پر گہرا طنز

اشتہار

حیرت انگیز

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے مار گرائے بھارتی ڈرونز ہمارے عوام نے کباڑ میں بیچے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی اجلاس میں اراکین نے بھارتی جنگی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے تاریخی آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر پوری قوم اور پاک فوج کو مبارکباد پیش کی اور بھارت کے بزدلانہ حملوں اور پسپائی پر گہرے طنز کا اظہار کیا۔

وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بھیجے گئے جدید اسرائیلی ساختہ درجنوں ؔڈرونز کو پاک فوج کی جانب سےکامیابی سے مار گرائے جس کے بعد ان بھارتی ڈرونز کا ملبہ ہمارے لوگوں نے کباڑ خانوں میں بیچا۔

سردار شاہ نے کہا کہ کباڑ کی دکانیں تباہ ہونے والے بھارتی ڈرونز سے بھر گئیں اور کباڑیے لوگوں سے پوچھتے رہے کہ اور ڈرون نہیں گرائے کیا؟

وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کہا کہ فرانس کو دنیا بھر میں شرمندگی اٹھانا پڑی۔ بھارت نہ ہتھیار سنبھال سکتا ہے اور نہ ہی چلا سکتا ہے۔ عالمی دنیا بھارت کو ہتھیار فروخت نہ کرے۔

وزیر داخلہ ضیا لنجار نے کہا کہ بھارت کو غلط فہمی تھی کہ وہ رقبے کی بنیاد پر جیت جائے گا، لیکن ہمارے غازیوں نے گھس کر بھارت کو نیست ونابود کیا اور دنیا کو ثابت کیا کہ پاکستان ایٹمی طاقت اور اپنا دفاع کر سکتا ہے۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان سیاسی اور دفاعی طور پر مزید مضبوط ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 22 اپریل کو بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں مودی سرکار نے 7 مئی کو رات کی تاریکی میں پاکستان پر جنگی جارحیت کی تھی۔

بھارت نے پاکستانی شہری علاقوں پر میزائل اور ڈرونز حملے کر کے 40 شہریوں کو شہید اور 100 سے زائد کو زخمی کیا تھا۔

بھارت کی اس بزدلانہ کارروائی کا پاک فوج نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعہ دن کی روشنی میں منہ توڑ جواب دے کر صرف چند گھنٹوں میں بھارت کو گھٹنے ٹیکنے اور جنگ بندی پر مجبور کر دیا تھا۔

چار روز تک جاری رہنے والی اس محدود جنگ میں پاکستان نے بھارت کا غرور رافیل طیاروں سمیت 6 طیارے اور درجنوں اسرائیلی ساختہ جدید ڈرونز تباہ کرنے کے ساتھ متعدد ایئر بیسز اڑا کر رکھ دیں جب کہ ایئر ڈیفنس سسٹم کو جام اور سائبر جنگ میں بھی بھارت کو شکست دی۔ جس کے بعد پاکستان کی دشمن ملک پر واضح برتری کو دنیا نے تسلیم کر لیا ہے اور مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر عالمی سطح پر اجاگر ہو چکا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں