اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا، حقیقت یہ ہے بھارت ایک بوند بھی پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا۔
طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ مودی نے 2016 کی تقریر میں بھی کہا تھا کہ میں پاکستان کا پانی بند کروں گا، کوئی ایک ملک بھی کسی دوسرے ملک کا ایک قطرہ پانی بند نہیں کر سکتا، مودی سرکار صرف میڈیا پر بھڑکیں مار رہی ہے جبکہ پانی روکنے کے بجائے دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ طاس معاہدہ کیا ہے؟
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے زبردست رپورٹنگ سے بھارتی میڈیا کو شکست دی، سوشل میڈیا پر بھی بھارت پر تنقید کی جا رہی ہے، پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کو بیک فٹ پر کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ مودی کی دشمنی صرف مسلمانوں سے ہے، بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ کر دی گئی ہے، مودی سرکار نے جتنی قانون سازی کی سب مسلمانوں کی خلاف کی۔
’اپنی مرضی کے انتخابی نتائج حاصل کرنے کیلیے فالس فلیگ آپریشن کیا جاتا ہے۔ پہلگام حملے کے بعد مسلمانوں کی جائیدادیں گرا دی گئیں، کشمیر میں مسلمانوں کی زمینوں پر قبضہ کروایا جا رہا ہے۔ آج دو قومی نظریے کا ایک ایک حرف سچ ثابت ہو رہا ہے، کشمیریوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارا جا رہا ہے۔‘
طلال چوہدری نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کوئی ایڈونچر کیا تو پاکستان کا جواب جارحانہ ہوگا، ہم امن چاہتے ہیں لیکن کسی سے ڈرتے نہیں ہیں، ہماری امن کی خواہش اسلام اور انسانیت کی خواہش ہے، ہماری امن کی خواہش ہماری کمزوری نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کا کلبھوشن دہشتگردی کی وجہ سے ہمارے پاس ہے جبکہ ہمارا تو کوئی افسر بھارت میں دہشتگردی کرتے نہیں پکڑا گیا، اسٹیٹ اسپانسر ٹیررازم ہمیشہ بھارت سے آتا ہے، فالس فلیگ آپریشن نے پھر مودی کی مسلمان دشمنی کو بے نقاب کیا، بھارت میں 2 ریاستوں میں اہم الیکشن ہونے والے ہیں۔