بھارتی ریاست اتر پردیش کی حکومت نے سرکاری دفاتر اور عمارتوں پر کیمیکل سے تیار پینٹ کے بجائے گائے کے گوبر سے تیار رنگ لگانے کا فیصلہ کر لیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ کی زیرِ صدارت محکمہ مویشی کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے گائے کے گوبر سے تیار پینٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ گائے کے تحفظ کے مراکز کو خود انحصار بنانے کیلیے ٹھوس کوششیں کریں، گوبر سے قدرتی پینٹ بنائیں اور اسے سرکاری دفاتر اور عمارتوں میں استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں نوجوان کو تھوک چاٹنے اور گوبر کھانے پر مجبور کر دیا گیا
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ نے آج اپنی سرکاری رہائش گاہ پر طلب کیے گیے اجلاس میں محکمہ حیوانات اور ڈیری ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے کام کا جائزہ لیا۔
دوسری جانب، ایس پی ایم پی اکھلیش یادو نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے بی جے پی حکومت کی ’گوبرنامہ‘ ریاست قرار دیا۔
جبکہ ان کی پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعلیٰ جو چاہیں کر سکتے ہیں کیونکہ اتر پردیش کے لوگوں نے انہیں دوسری بار مینڈیٹ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کو چاہیے کہ وہ وزیر اعلیٰ کے دفتر کے تمام ٹائلوں کو گائے کے گوبر سے بدل دیں۔
ایس پی کے آئی پی سنگھ نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کا دماغ گوبر سے بھرا ہوا ہے وہ حقیقی مسائل پر بات نہیں کرتے، دیکھیں کہ ہمارا پڑوسی چین کیا کر رہا ہے اور آگے بڑھ رہا ہے۔