پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ طورخم کے مقام پر پاک افغان سرحد کھولنے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی، حکومت کی خواہش ہے تجارتی روابط کو مزید فروغ دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک افغان سرحد طورخم کے ہنگامی دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ نے پاک افغان سرحد24 گھنٹے کھولنے سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کل پاک افغان سرحد24 گھنٹے کھولنے کا افتتاح کریں گے، کل قبائلی عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا۔
محمودخان نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی اور وسطی ایشیا تک تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ درہ خیبر کا مقام صدیوں سے تجارتی مرکز رہا ہے،پاک افغان سرحد کھولنے سے پاکستانی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا، حکومت کی خواہش ہے کہ تجارتی روابط کو مزید فروغ دیا جائے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کل طورخم بارڈر 24 گھنٹےکھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کل بروز بدھ ضلع خیبر ایجنسی کا دورہ کریں گے، پاک افغان طورخم بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان اور ارباب شہزاد سمیت دیگر بھی ساتھ ہوں گے۔