چمن : ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد پاک افغان چمن اور طورخم سرحد آج نویں روز بھی بند ہے جبکہ ایف آئی اے حکام کے مطابق پہلی مرتبہ افغانستان جانے والوں کو پاسپورٹ ویزا پر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد افغانستان کی سرحد نو روز سے بند ہے، راستے بند ہونے سے چمن میں بارڈر کے دونوں جانب تجارتی سامان لے جانے والے ٹرکوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
افغانستان ایکسپورٹ کی جانی والی اشیاء خوردنوش خراب ہونے لگیں، چمن میں سرحد کے دونوں جانب بڑی تعداد میں شہری داخلے کے منتظر ہیں۔
اب دوستی مسلسل بند ہونے سے نیٹو سپلائی اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا سلسلہ بھی روکا ہوا ہے۔
ایف آئی حکام کے مطابق چمن بارڈر پر بڑی تعداد میں پھنسے شہری پاسپورٹ ویزا پر آمدورفت کرسکتے ہیں جبکہ پاسپورٹ ویزا پر افغانستان جانے والوں کے لئے غیر روائتی راستہ کھول دیا ہے۔
مزید پڑھیں : پاک افغان سرحدغیرمعینہ مدت کےلیے بند
یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے درگاہ لعل شہباز قلندر میں خود کش دھماکے کے بعد طورخم پر پاک افغان بارڈر کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ روایتی راستے بھی سیل کر دیئے تھے۔
لعل شہباز قلندر کے مزار میں دھماکے کے نتیجے میں اب تک 90 افراد شہید ہوچکے ہیں۔