لندن : پاکستان اورافغانستان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لئے مذاکرات آج لندن میں ہورہے ہیں، مشیرخارجہ سرتاج عزیز مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اورافغانستان کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے کے لئے مذاکرات لندن میں ہورہے ہیں، مذاکرات کا میزبان برطانیہ ہے، مذاکرات میں پاکستان اورافغانستان کے درمیان دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تعاون،حالیہ کشیدگی میں کمی اوردونوں ممالک کے درمیان سرحد کی بندش پر بات چیت ہو گی۔
پاک افغان مذاکرات میں وزیراعظم کے مشیرخارجہ سرتاج عزیز،افغان قومی سلامتی کے مشیرحنیف اتمر،برطانوی قومی سلامتی کے مشیرمارک لائل گرانٹ اورپاکستان میں افغان سفیر شریک ہیں۔
اجلاس کا مقصد پاک افغان کشیدگی کم کرانا ہے، افغان سفیر
پاکستان میں افغان سفیر عمر زاخیل وال نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اجلاس میں افغان سیکورٹی ایڈوائزر حنیف اتمر اور پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز شریک ہوں گے، اجلاس کا مقصد پاک افغان کشیدگی کم کرانا ہے۔ اجلاس میں پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور کراسنگ روٹس کی بندش کے امور پر بھی غور کیا جائے گا ۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیر تجارت خرم دستگیر سے افغان تجارتی وفد نے ملاقات کی اور دو طرفہ پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، افغانستان سے تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہتے ہیں،تجارتی معاملات کے حل کے لیے وزارت تجارت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرحد کھولنے کے لیے بارڈر مینجمنٹ سسٹم پر اتفاق رائے درکار ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سیہون دھماکے کے بعد طورخم اور چمن میں باب دوستی بارڈر کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا تھا، طورخم بارڈر سے روزانہ 800 گاڑیاں جبکہ چمن بارڈر پر باب دوستی سے ایک ہزار تک مال بردار گاڑیاں درآمدات برآمدات ، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور نیٹو کا سامان لے کر افغانستان سے آتی اور جاتی ہیں۔،