اسلام آباد : پاک فضائیہ کے جے ایف17تھنڈر سے لیس28نمبر ملٹی رول اسکواڈرن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، تقریب کے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان تھے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر فورس نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے جے ایف17تھنڈر سے لیس28نمبر ملٹی رول اسکواڈرن تشکیل دیا ہے.
اس موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ کو ملک کے دشمنوں کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے، ہم ایک امن پسند قوم ہیں اس لیے نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے۔
ایئرچیف کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ہرممکن کوشش کی ہے اور ہماری اسی جدوجہد کے صلے میں ملک میں امن کی بحالی ممکن ہوئی، نامساعد حالات،غیریقینی صورتحال کے باوجود امن کےخواہاں ہیں۔
سہیل امان کا مزید کہنا تھا کہ28ملٹی رول اسکواڈرن کے ذمے مغربی سرحدوں کی فضائی نگرانی ہے، یقین دلاتاہوں کسی فضائی خلاف ورزی پردفاع کی صلاحیت رکھتےہیں۔
ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ بلوچستان میں نمبر28اسکواڈرن کا قیام عمل میں لایاجارہاہے، بلوچستان عظیم صوبہ ہے اورہم سب کے لیےنہایت اہمیت کاحامل ہے۔
بلوچستان کے لوگوں کارویہ دوستانہ اورجذبہ حب الوطنی سےبھرپورہے، بلوچ عوام کے کردارکو وطن کی ترقی میں نظراندازنہیں کیاجا سکتا۔
ایئرچیف نے کہا کہ سی پیک منصوبہ ملکی ترقی میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،سی پیک صرف بلوچستان ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی تاریخ اورحالت کو بدل دے گا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق تقریب میں اسکواڈرن آفیسر کمانڈنگ، ونگ کمانڈر عامرعمران کو اسکواڈرن کا نشان عطا کیا گیا،4جےایف17تھنڈرطیاروں کی فارمیشن نےفلائی پاسٹ کامظاہرہ بھی کیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔