اسلام آباد : امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید نے کہا ہے کہ پہلگام جیسے ڈرامے مودی کی انتخابی مجبوریاں اور انتظامی کوتاہیاں ہیں۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پہلگام میں جس طرح کا ڈرامہ رچایا گیا ہے اس میں بھارت کے عزائم واضح ہیں، مودی کی انتخابی مجبوریاں اور انتظامی کوتاہیاں ہیں۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان خود مختار ریاست ہے دنیا کی پانچویں بڑی آبادی ہے، پاکستان واضح الفاظ میں کہہ چکا ہے کہ پہلگام واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ امریکی حکام دونوں طرف رابطے میں ہیں وہ خود بھی بتا رہے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دونوں جانب سے ذمہ دار رویے اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
رضوان سعید کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد کی صورتحال میں پاکستان تحمل و برداشت کا عملی مظاہرہ کررہا ہے جبکہ بھارت کا رویہ سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور سیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بھرپور توجہ دینی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے الزامات کی نوبت ہی نہ آئے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے داعی ہیں اور وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
یہ بہترین موقع ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے راستے تلاش کیے جائیں، صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے دور حکومت میں بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کوئی مہم جوئی کی گئی تو کسی کو نہیں پتہ کہ یہ معاملہ پھر کس طرف جائے گا؟ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، بھارت کی جانب سے ڈرامہ رچایا گیا ہے۔
رضوان سعیدشیخ نے کہا کہ بھارت طاقت کے نشے میں ایسا رویہ اپناتا ہے جو لاقانونیت کی طرف جاتا ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے سے نکلناچاہتا ہے جبکہ عملی طور پر ایسا ممکن نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کا لاقانونیت کا طرزعمل ہے جو ہمیشہ واضح نظر آتا ہے، پاکستان تو پہلے ہی خود دہشت گردی کاشکار ہے اور دہشت گردی کیخلاف پوری دنیا کیلئے نبرد آزما ہے۔
امریکامیں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں، دنیا میں جہاں بھی دہشت گردی ہوتی ہے پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔