ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

مستقبل میں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں گے: سعودی وزیر خارجہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پہلا مرحلہ ہے، مستقبل میں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں گے۔ سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کے مسائل حل کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب عادل الجبیر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ 20 ارب ڈالر کے ایم او یوز پر دستخط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئیں بائیں شائیں نہیں ہوگی عملی اقدامات ہوں گے، جو بھی معاہدے ہوئے ہیں ان پر عمل بھی ہوگا۔ ماضی کی نسبت اب اقدامات عوام کو نظر آئیں گے۔ پاکستان نے دوست ملک سے ویزا فیس سے متعلق درخواست کی تھی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے باقاعدہ ویزا فیس میں کمی کی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد سے قیدیوں سے متعلق بات کی۔ سعودی ولی عہد نے قیدیوں سے متعلق بھی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ 7 ایم او یوز پر دستخط کیے گئے، ایم او یوز کو عملی جامہ بھی پہنایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے حاجیوں کے لیے امیگریشن کی درخواست بھی کی۔ سعودی عرب کے ساتھ 10 مشترکہ ورکنگ گروپ بھی بنائے گئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ جوائنٹ ورکنگ گروپ کو ہر 3 ماہ بعد ملنے کا شیڈول دیا گیا ہے، پاکستان اور سعودی قیادت کے درمیان سال میں ایک بار ملاقات طے پائی ہے۔

سعودی ہم منصب عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ بہترین استقبال پر پاکستانی قوم اور حکومت کے شکر گزار ہیں۔ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کر رہے ہیں، دہشت گردی ایک مشترکہ عالمی چیلنج بن چکا ہے۔ پاکستان سعودی عرب دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، پاکستان میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پہلا مرحلہ ہے۔ مستقبل میں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کے مسائل حل کریں گے۔ سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی ہنر مند اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے روابط میں عوامی تعلقات کا اہم کردار ہے۔

عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات میں مزید پختگی آئے گی، دونوں ملکوں کی قیادت منصوبوں اور معاہدوں پر عملدر آمد کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ 10 ارب ڈالر کی لاگت سے گوادر میں آئل ریفائنری قائم کر رہے ہیں، پاکستان میں مختلف شعبوں میں وسیع سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ پاکستان کو معاشی طور پر ایک مستحکم ملک کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی ہر ممکن مدد، تعاون اور بھرپور سرمایہ کاری کر رہے ہیں، اسلامی تعاون تنظیم سمیت عالمی سطح پر دونوں ممالک کا مؤقف یکساں ہے۔ پاکستان اور بھارت پڑوسی ممالک ہیں، مذاکرات سے مسائل حل کر سکتے ہیں، امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات انتہائی اہم ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، ان سے قبل سعودی حکام اور وزرا بھی پاکستان آئے تھے۔

سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان بالمشافہ ملاقات ہوئی تھی جبکہ متعدد اہم منصوبوں پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں