جکراچی: پاک بحریہ کی جانب سے یونیورسٹی اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، جس میں 16 جامعات کی ٹیموں نے حصہ لیا، مئیر کراچی اور گورنر بلوچستان نے تقریب میں شرکت کی. اس موقع پر مئیر کراچی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرایا جائے میں سیکیورٹی کی ذمہ داری لیتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میرین اکیڈمی کی جانب سےدوسراانٹر یونیورسٹی اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا،جس میں ملک بھر کی 16 جامعات کی ٹیموں نے حصہ لیا، تقریب میں میئر کراچی وسیم اختر اور گورنربلوچستان محمد خان اچکزئی نے کی شرکت کی.
اس موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اس قسم کے اسپورٹس ایونٹس کی ملک کو بہت ضرورت ہے، آج پاکستان جس قسم کے حالات سے نبردآزما ہے اس میں اتحاد کی اشد ضرورت ہے جو اسپورٹس کے ذریعے سے ممکن ہے.
انہوں نے پاک بحریہ کی خدمات پر ان کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیوی کی امن مشقیں خوش آئند ہیں، جس کے ذریعے سے دشمن کو پیغام گیا ہے، وہ اپنے ناپاک ارادوں سےباز رہے.
انہوں نے اپنے ارادے کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ پاکستان میرین اکیڈمی کے ساتھ مل کر ایسے مزید ایونٹس کریں گے،تاکہ پر امن پاکستان کے ساتھ پرامن کراچی کی عکس بندی بھی ہو، اس طرح کے اسپورٹس ایونٹس پر زیادہ خرچہ نہیں آتاہے.
وسیم اختر نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں کرائیں ، میں پورے ایونٹ کی سیکیورٹی کی ذمے داری لیتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ عالمی کھلاڑی نہ بھی آئیں لیکن پی ایس ایل کا فائنل ملک میں ہی ہونا چاہیے، پاکستان میں خوشیاں بہت کم رہ گئی ہیں گذشتہ روز کا واقعے کی مذمت کرتا ہوں.
گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس ایونٹس پاکستان میں امن کے قیام میں مددگارثابت ہوں گے.
ایونٹ میں حصہ لینے والے طلبا و طالبات کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، اس طرح کے ایونٹس دنیا کو امن کا پیغام دیتےہیں، امن مشقوں میں37 ممالک کی شرکت پاکستان کی جانب سے دنیا کے لئے امن کا پیغام ہے، میں اس حوالے سے پاک بحریہ اور طلبا و طالبات کو مبارک باد دیتا ہوں.
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے ریاست کی سر بلندی کے لئے اہم اقدامات کیے ہیں ،پاک افواج کی کاوشوں کی وجہ سے صوبے سے امن وامان کے مسائل تقریباً ختم ہو گئے ہیں، جبکہ صوبے میں تعلیم کا نظام ہم نے بہتر کیا ہے.
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک دنیا کے دیگر ممالک سے رابطے کا بڑا ذریعہ ہے،جس سے چھوٹے صوبوں میں بھی خوش حالی آئے گی.